سپریم کورٹ ، وزارت مذہبی امور کو آگاہی مہم چلانے اور منظور شدہ حج وعمرہ ٹورز آپریٹر کی تفصیلات کی ویب سائیٹ پر آویزاں کرنے کا حکم

تحقیقاتی اداروں کو غیر رجسٹرڈ ٹورز آپریٹر پر کڑی نظررکھنے کی بھی ہدایت

پیر 27 فروری 2017 22:50

سپریم کورٹ ، وزارت مذہبی امور کو آگاہی مہم چلانے اور منظور شدہ حج وعمرہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2017ء) سپریم کورٹ نے وزارت مذہبی امور کو آگاہی مہم چلانے کے ساتھ منظور شدہ حج وعمرہ ٹورز آپریٹر کی تفصیلات وزارت مذہبی امور کی ویب سائیٹ پر آویزاں کرنے اور تفصیلات ناظمین ،ضلعی حکام اور تحقیقاتی اداروں کو بھجوانے کا حکم دیتے ہوئے تحقیقاتی اداروں کو غیر رجسٹرڈ ٹورز آپریٹر پر کڑی نظررکھنے کی ہدایت کردی ہے جبکہ حج کے نام پر شہریوں سے کروڑوں روپے لوٹنے والوں کی درخواست ضمانت خارج کر دی، کیس کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی ، عدالت عظمیٰ نے ملزم شاہد اور اس کے ساتھیوں کی پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل خارج کردی ، عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ایسے ملزمان کسی صورت بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں،ٹور آپریٹرز کے حوالے سے وزارت مذہبی امور اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ہر سال شہریوں کو حج اور عمرے کے نام پر لوٹا جا تا ہے تاہم، تحقیقاتی ادارے لمبی تان کر سوئے رہتے ہیں۔ فیصلے میں وزارت مذہبی امور کو ہدایت کی گئی ہے کہ رجسٹرڈ ٹور آپریٹرز کی تفصیلات ویب سائٹ پر اردو اور مقامی زبانوں میں آویزاں کی جائیں۔ رجسٹرڈ ٹور آپریٹرز کی فہرستیں ضلعی ناظمین اور ضلعی حکومتوں کو بھجوانے کے ساتھ ساتھ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر آگاہی مہم بھی چلائی جائے ، آگاہی مہم حج سے تین ماہ پہلے شروع کی جائے تاکہ شہریوں کو لٹنے سے بچایا جا سکے۔

عدالت نے تمام ٹور آپریٹرز کو بھی حکم دیا کہ اپنے لائسنس دفاتر میں واضح جگہ پر آویزاں کیے جائیں۔ عدالت نے فیصلے کی نقول متعلقہ حکام کو بھی ارسال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے دو ماہ میں عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔