کھیلوں کے فروغ سے صحت مند معاشرہ کی تشکیل یقینی ہے ، صوبہ میں کھیلوں کے فروغ کے لئے بجٹ میں مزید اضافہ کیا جائے گا‘ محمد زبیرگورنر سندھ

پیر 27 فروری 2017 22:50

کھیلوں کے فروغ سے صحت مند معاشرہ کی تشکیل یقینی ہے ، صوبہ میں کھیلوں ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ کھیلوں کے انعقاد سے صحت مند اور مثبت سوچ کے حامل معاشرہ کی تشکیل یقینی ہے جبکہ کھیلوں سے ہی نوجوانوں کو بے راہ روی سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے ، انتہائی پسندی کے خلاف کھیل ایک مؤثر اور نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ہر ممکن کوششیں کرتا رہوں گا اس ضمن میں صوبائی وزارت کھیل سے مسلسل رابطہ ہے میری پوری کوشش ہے کہ آئندہ بجٹ میں کھیلوں کے فروغ کے لئے فنڈز میں مزید اضافہ کیا جاسکے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے رائل روڈیل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں چوتھی پی ٹی بی ایف رینکنگ بائولنگ چیمپئن شپ اوپن ،گریڈڈ سنگل، وومین سنگل ، نوائس سنگل ، ڈبل اور ٹیم ایونٹ کے فائنل کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ جب سے میں گورنر سندھ بنا ہوں اس وقت سے آج کھیلوں کے حوالہ سے رائل روڈیل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں میرا یہ پہلا دورہ ہے صحت ماحول کر دیکھ کر مجھے بڑی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

رائل روڈیل اسپورٹس کمپلیکس میں بطور مہمان خصوصی گورنر سند ھ نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں نقد انعام ، ٹرافی اور میڈل بھی دیئے، گریڈڈ فائنل میں ڈاکٹر علی محسن نے پہلی، سارم کاظم نے دوسری اور فیضان طارق نے تیسری پوزیشن جبکہ اوپن سنگل فائنل میں علی سریا پہلی، عمران رائل نے دوسری اور احمد عباس سالڈیرا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل سردار احمد مہر ، پی ٹی بی ایف اور سندھ ٹیپن بائولنگ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سمیت بڑی تعدا د میں شائقین کھیل بھی موجود تھے ۔ اس سے قبل گورنر سندھ کی رائل روڈیل اسپورٹس کمپلیکس آمد پر ملی نغموں کی دھنوں سے استقبال کیا گیا سندھ ٹیپن بائولنگ ایسوسی ایشن کے صدر علیم آغا نے گورنر سندھ کے لئے خیر مقدمی کلمات ادا کئے ۔

ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے گورنر سندھ کو رائل روڈیل اسپورٹس کمپلیکس ، ٹیپن بال اور کھیل سے متعلق تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کوعالمی سطح پر ہونے والے مقابلوں کے لئے منتخب کیا جاتا ہے اس لئے اس ٹورنامنٹ کی اہمیت بہت زیادہ ہو تی ہے ۔گورنر سندھ نے رائل روڈیل اسپورٹس کمپلیکس میں شاندار ٹورنامنٹ کے انعقاد پر ایسوسی ایشن کو مبارک باد دی اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین بھی دلایا۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر کھیل سردار احمد مہر نے کہا کہ میری لئے یہ بات بڑی خوشی کی ہے کہ گورنر سندھ بھی کھیلوں کے فروغ میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں ان کے تعاون سے صوبہ میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں مزید اضافہ کیاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :