چین پاور پلانٹ سے کراچی میں بجلی بحران کے خاتمہ میں مدد ملے گی، چین پاکستان کو معاشی لحاظ سے مستحکم دیکھنا چاہتا ہے‘ دونوں ممالک پر عزم ہیں کہ سی پیک منصوبہ ہر صورت اپنے مقررہ وقت پر ہی مکمل کیا جائے گا‘ گورنر سندھ محمد زبیر سے چین کے قونصل جنرل وانگ یو کی ملاقات

پیر 27 فروری 2017 22:50

چین پاور پلانٹ سے کراچی میں بجلی بحران کے خاتمہ میں مدد ملے گی، چین ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات خطہ میں خوشحالی اور پائیدار امن کی ضمانت ہیں‘ دونوں ممالک خطہ کو اقتصادی و معاشی طور پر مستحکم کرنے کے وژن پر گامزن ہیں، سی پیک منصوبہ کے خلاف بعض قوتیں سرگرم ہیں جو خطہ کو معاشی طور پر مستحکم دیکھنا نہیں چاہتی ہیں لیکن دونوں ممالک پر عزم ہیں کہ سی پیک منصوبہ ہر صورت اپنے مقررہ وقت پر ہی مکمل کیا جائے گا ۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے قونصل جنرل وانگ یو سے گفتگو میں کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے صوبہ سندھ با الخصوص کراچی سرمایہ کاری کے لئے پرکشش اہمیت کا حامل شہر بن گیا ہے جہاں پر سرمایہ کاروں کے لئے منافع بخش مواقع بھی موجود ہیں، حکومت چین کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سیکورٹی فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے بعد چین کے سرمایہ کار بڑی تعداد میں صوبہ سندھ با الخصوص کراچی میں سرمایہ کاری میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں جبکہ مشترکہ سرمایہ کاری کے رجحان کو بھی فروغ حاصل ہو رہا ہے، غیر ملکی سرمایہ کاری سے خطہ میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کا شنگھائی سے معاہدہ دو طرفہ تعلقات کی واضح دلیل ہے کہ چین کس حد تک پاکستان کو توانا اور معاشی و اقتصادی لحاظ سے طاقتور دیکھنا چاہتا ہے ، دونوں ممالک کے عوام کو بھی پاک چین تعلقات پر فخر ہے۔

گورنر سندھ نے پورٹ قاسم پر چین پاور پلانٹ کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پلانٹ کی تکمیل سے کراچی میں بجلی بحران کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ ملاقات میں چین کے قونصل جنرل وانگ یو نے گورنر سندھ کو بتایا کہ سی پیک منصوبہ، کے الیکٹرک سے شنگھائی معاہدہ، مشترکہ سرمایہ کاری سمیت دیگر منصوبے دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دے رہے ہیں، پاک چین دوستی خطہ کے مفاد میں ہے، پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے اس کی خوشحالی چین کی خوشحالی اور پاکستان کے مضبوط ہونے سے چین بھی مضبوط ہوگا۔

انہوں نے بتا یا کہ چین کے بے شمار سرمایہ کار صوبہ سندھ سمیت پورے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے لئے کام کر رہے ہیں، چینی سرمایہ کار توانائی، انفرااسٹرکچر، زراعت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں۔