بچی کھچے دہشت گردوں کو نشان عبرت بنا دیں گے، امن کی دھرتی پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے ہیں ، کشمیرکے بغیر پاکستان نا مکمل ہے،

گورنر سندھ محمد زبیرکی سینیٹر پروفیسر ساجد میر سے ملاقات کے دوران گفتگو

پیر 27 فروری 2017 22:46

بچی کھچے دہشت گردوں کو نشان عبرت بنا دیں گے، امن کی دھرتی پر حملہ کسی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے وفد کے ہمراہ گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر ہائوس سندھ میں ہونے والی ملاقات میں ملک باالخصوص کشمیر کی مجموعی صورتحال ، باہمی دلچسپی سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور ملاقات میں ملک میں دہشت گرد ی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیہون بم دھماکہ کی مذمت کی گئی۔

وفد میں مفتی یوسف قصوری، علامہ ابراہیم طارق، قاری خلیل الرحمن جاوید، حاجی محمد حنیف، عبد الوہاب، عامر نجیب، اشرف قریشی اور حاجی جمیل خان شامل تھے۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس کے بغیر پاکستان کا وجود تاحال نا مکمل ہے ، کشمیر میں جاری آزادی کی تحریک میں تیزی آچکی ہے بھارت کو چاہئے کہ وہ اپنے اور خطہ کے وسیع تر مفاد میں کشمیر کا دیرینہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری حل کرائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ اولیاء کرام اور صوفیائے کرام کی دھرتی ہے جس نے ہمیشہ بھائی چارے ، رواداری ، ہم آہنگی اور پیار و محبت کا درس دیا ہے امن کی دھرتی پر حضرت لعل شہباز قلندر ؒ کے مزار میں بزدلانہ حملہ میں معصوم جانوں کو نشانہ بنایا گیا، دہشت گرد حملہ کرنے والے انسان کہلانے کے بھی لائق نہیں ہیں ان کا نہ کوئی دین ہے نہ ہی کوئی مسلک یہ دیار غیر کے اشاروں پر انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں حکومت عوام کے تعاون سے ان بچے کھچے دہشت گردوں کو بھی نشان عبرت بنا کر رکھ دے گی اس ضمن میں تمام مسالک کے علماء کرام کو کھل کر دہشت گرد حملوں کی مذمت کرنی چاہئے۔

مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے گورنر سندھ کو بتایا کہ اس میں دو رائے ہر گز نہیں کہ دہشت گرد انسان نہیں بلکہ درندے ہیں یہ اسلام کو بدنام کر رہے ہیں ان کا کسی مذہب یا فرقہ سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے گورنر سندھ کو یقین دلایا کہ دہشت گرد کے خلاف جاری آپریشن میں مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان حکومت کے ساتھ بلا مشروط کھڑی ہے اور ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی سے نجات دلانے میں حکومت کے شانہ بشانہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :