پیمرا کا ڈی ٹی ایچ لائسنس کی نیلامی بارے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کور ٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ

لاہور بم دھماکے کی خلاف حقائق خبرنشر کرنے ، لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے پر تشویش کا اظہار

پیر 27 فروری 2017 22:35

پیمرا کا ڈی ٹی ایچ لائسنس کی نیلامی بارے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2017ء) پیمرانے ڈائریکٹ ٹو ہوم سروس(ڈی ٹی ایچ)کے لائسنس کی نیلامی کو کالعدم قرار دینے کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کور ٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ لیا ہے ‘ ممبران نے 29 ٹی وی چینلوں کی طرف سے گلبرگ لاہور میں بم دھماکے کی خلاف حقائق جعلی خبرنشر کرنے اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ۔

پیر کو پیمرا اتھارٹی کا 125واں اجلاس پیمرا ہیڈکوارٹرز میںمنعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئر مین پیمرا ابصار عالم نے کی جبکہ اس میں شرکت کرنے والے اراکین میں چیئر مین فیڈرل بورڈ آف ریونیوڈاکٹر محمد ارشاد، ممبر پنجاب نرگس ناصر اور ممبر خبیر پختونخواہ شاہین حبیب اللہ بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

دورانِ اجلاس اتھارٹی ممبران نے چیئر مین سے استفسار کیا کہ پیمرا نے لاہور ہائی کورٹ کے 23نومبر 2016کے فیصلے جس میں ڈی ٹی ایچ لائسنسز کی نیلامی کو کالعدم قرار دیا گیا تھا کے خلاف ابھی تک سپریم کورٹ میں اپیل کیوں نہیں دائر کی ۔

اتھارٹی ممبران نے چیئر مین پیمرا کو فوری طور پر عدالت عظمیٰ میں لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کو کہا۔ اجلاس میںالیکٹرانک میڈیا کے حوالے سے درپیش اہم معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔مزیدبراں ممبران نے 29 ٹی وی چینلوں کی طرف سے گلبرگ لاہور میں بم دھماکے کی خلاف حقائق جعلی خبر (fake news)نشر کرنے اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ۔

اتھارٹی کے ارکان نے پیمرا چیئر مین کو ہدایت دی کہ وہ مناسب اقدامات کے ذریعے اس طرح کے واقعات کے اعادہ کا سدِباب کریں اور ٹی وی چینلوں کو پیمرا کوڈ آف کنڈکٹ کا پابند بنائیں تا کہ وہ اپنی ادارتی نگرانی اور اندرونی کارکردگی میں خاطر خواہ بہتری لے کر آئیں۔ اتھارٹی نے ’’جادو ٹونے‘‘ اور ’’فحاشی‘‘ پر مبنی پروگرام دکھائے جانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔