بڑھو پنجاب پڑھو پنجاب" پروگرام کو ہر صورت کامیابی سے ہمکنار کیا جا ئیگا، حکومتی پالیسی کے مطابق سکول جانے والے بچوں کا تعلیمی اداروں میں سو فیصد داخلہ یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان کا تقریب سے خطاب

پیر 27 فروری 2017 22:20

جھنگ/فیصل آباد۔27 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2017ء) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب تعلیمی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں جبکہ حکومتی پالیسی کے مطابق سکول جانے والے بچوں کا تعلیمی اداروں میں سو فیصد داخلہ یقینی بنایا جائیگا تاکہ -"بڑھو پنجاب پڑھو پنجاب" پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔

یہ بات انہوںنے گورنمنٹ کالج برائے خواتین جھنگ صدر میں ضلع جھنگ کے ایک سو سکولوں میں "ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن "رومزکے قیام کے حوالہ سے منعقدہ افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں ڈپٹی کمشنرجھنگ غازی امان اللہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی جھنگ ریاض احمد سوہی،چیئر مین ضلع کونسل بابر علی خان سیال، چیئرمین بلدیہ شیخ نواز اکرم ، پرنسپل گورنمنٹ کالج برائے خواتین پروفیسر مسز عابدہ شہباز،محکمہ تعلیم کے افسران، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی سیاسی و سماجی شخصیات اور طلباء وطالبات کی بڑی تعدادبھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیمی کارکردگی کے حوالہ سے سروے کے دوران ضلع جھنگ پنجاب میں نمایاں پوزیشن پر رہا ہے جس کی وجہ سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے محکمہ تعلیم کے افسران اور اہلیان جھنگ کو مبارکباد پیش کرتاہوں ۔انہوں نے کہا کہ ٹیچرز کے جائز اور حل طلب مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن حد تک اقدامات اٹھائے جائینگے کیونکہ استاد کے اعلیٰ مقام کے حوالہ سے پنجاب حکومت کسی طور پر بھی غافل نہیں۔

انہوںنے کہا کہ ضلع جھنگ کو روشنی کا ایساتعلیمی قلعہ بنائیں گے جو پورے ملک میں روشن ہوگا اوراس ضمن میں حکومت اربوں روپے کے فنڈ ز سے بنیادی اورمعیاری تعلیم کے فروغ کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ کوالٹی ایجوکیشن کے حوالہ سے پاکستان بیس بڑی معیشت کے ممالک میں سے ایک بڑی معیشت بننے جا رہا ہے جس کی وجہ سے دیگر ممالک پاکستان کے ساتھ ملکر ترقی کرنا چاہتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ ہمیں تعلیمی میدان میں آگے بڑھتے ہوئے قابلیت سے دہشتگردی جیسے ناسور کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا۔ صوبائی وزیر رانا مشہوداحمد خان نے اساتذہ کرام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ طلباء و طالبات کے روشن مستقبل کیلئے ان میںچھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے انکی بھرپورحوصلہ افزائی کریں اور ان میں آگے بڑھنے اور پاکستان کا نام روشن کرنے کے حوالہ سے خود اعتمادی پیداکریں۔

انہوںنے کہا کہ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا صدقہ جاریہ ہے جس کا اجر آخرت میں ملے گا۔انہوںنے کہا کہ ضلعی حکومت ،یونیسف اور ڈائریکٹوریٹ سٹاف ڈویلپمنٹ کے باہمی اشتراک سے ضلع جھنگ کے ایک سو سکولوں میں" ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن" رومزکا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جو ہم سب کیلئے کوالٹی آف ایجوکیشن کو مضبوط کرنے کا ایک اہم پیغام ہے۔

اس موقع پر مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات نے تعلیم کی اہمیت اور فروغ کے حوالہ سے ٹیبلو شو پیش کئے جبکہ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر تعلیم کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔قبل ازیں صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے گورنمنٹ گرلزہائیر سیکنڈری سکول سیٹلائٹ ٹاون اور گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول جھنگ صدر کا دورہ کیااورسکولوں میں کمپیوٹر اور بائیولوجی لیبارٹریوں اور دیگرسکول کے دیگر مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا جبکہ طلباء و طالبات کی تعلیمی صلاحیت جانچنے کیلئے ان سے معلوماتی سوالات بھی کئے۔

صوبائی وزیر نے سکول انتظامیہ کو تاکید کی کہ روزانہ کی بنیاد پر اساتذہ کی حاضری کو چیک کریں اورصفائی ستھرائی اوردیگر سیکورٹی انتظامات کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کومزید موثر اور فعال رکھیں۔بعد ازاںصوبائی وزیر تعلیم کو سرکٹ ہائوس جھنگ میں محکمہ تعلیم سکول کے افسران کی طرف سے بریفنگ بھی دی گئی۔