Live Updates

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل 5مارچ کو لاہور میں منعقد کروانے کی منظوری ، ٹکٹس کی فروخت (آج) سے شروع

وزیراعلیٰ شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کا اہم اجلاس، پاکستان سپرلیگ کا فائنل میچ لاہور میں کرانے کا تفصیلی جائزہ ملک و قوم کے بہترین مفاد میں میچ لاہور میں کرانے کا فیصلہ کیا ،سوفیصد فول پروف سیکورٹی یقینی بنائی جائیگی،میں ذاتی طور پر تمام انتظامات پر پیشرفت کا باقاعدگی سے جائزہ لوں گا‘ شہباز شریف تمام ایجنسیاں ملکر سیکورٹی کو یقینی بنائینگی، فائنل میچ شام 4بجے کے بعد ہو گا ، اختتامی تقریب رات 11 بجے تک مکمل ہو جائیگی‘ رانا ثناء اللہ فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں میں چار چار غیر ملکی کھلاڑی شامل ہونگے ،آٹھ ممالک کے سکیورٹی ماہرین بھی فائنل دیکھنے آرہے ہیں‘ نجم سیٹھی اب کرکٹ واپس اپنے گھر پاکستان آئے گی ، ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہو جائے گی، ہم کسی کے دبائو میں نہیں آئیں بلکہ دہشت گردی کا مقابل کریں گے‘ چیئرمین پاکستان سپرلیگ کی میڈیا سے گفتگو

پیر 27 فروری 2017 22:17

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل 5مارچ کو لاہور میں منعقد کروانے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے تمام اداروں کی مشاورت کے بعد پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل 5مارچ کو لاہور میں منعقد کروانے کی منظوری دیتے ہوئے میچ کے لئے بہترین انتظامات کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سو فیصد فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی جبکہ چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں میں چار چار غیر ملکی کھلاڑی شامل ہوں گے جبکہ دنیا کے آٹھ ممالک کے سکیورٹی ماہرین بھی فائنل دیکھنے لاہور آرہے ہیں، اب کرکٹ واپس اپنے گھر پاکستان آئے گی ، ٹکٹوں کی فروخت آج ( منگل ) سے شروع ہو جائے گی، ہم کسی کے دبائو میں نہیں آئیں بلکہ دہشت گردی کا مقابل کریں گے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کا اہم اجلاس منعقد ہواجس میں پاکستان سپرلیگ کا فائنل میچ لاہور میں کرانے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری داخلہ ، سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز نے سیکورٹی اور دیگر انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔

اجلاس میں صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ ، کرنل (ر) ایوب گادھی،مشیر رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری ، انسپکٹر جنرل پولیس ، سیکرٹری داخلہ ، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور ،قانون نافذ کرنے والے سول اداروں کے اعلی حکام اور متعلقہ افسرا ن نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران کابینہ کمیٹی برائے امن وامان اور دیگر صوبائی ووفاقی سیکورٹی اداروں کی مشاور ت سے سپرلیگ کا فائنل میچ لاہور میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیر اعلی شہباز شریف نے تمام اداروں کی مشاورت کے بعد لاہور میں فائنل میچ کرانے کی منظوری دی۔وزیر اعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپرلیگ کے فائنل میچ کیلئے سوفیصد فول پروف سیکورٹی یقینی بنائی جائے گی وزیر اعلی نے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو ہدایت کی کہ فائنل میچ کے لئے بہترین انتظامات کئے جائیں اور اس ضمن میں صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان روزانہ کی بنیاد پر تمام سیکورٹی اور دیگر انتظامات کا از خود جائزہ لے جبکہ میں ذاتی طور پر تمام انتظامات پر پیشرفت کا باقاعدگی سے جائزہ لوں گا۔

وزیر اعلی شہباز شریف نے کہا کہ ملک و قوم کے بہترین مفاد میں پاکستان سپرلیگ کا فائنل میچ لاہور میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور میری قوم سے اپیل ہے کہ فائنل میچ کو کامیاب بنانے کے لئے حکومت کی کاوشوں کا بھرپورساتھ دے کیونکہ ہم نے مل کر فائنل میچ کو کامیاب بنانا ہے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ فائنل میچ کو کامیاب بنانے کیلئے تمام متعلقہ ادارے بہترین کوارڈینیشن کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرائض سرانجام دیں اور فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کے ساتھ دیگر انتظامات بھی انتہائی شاندار ہونے چاہئیں ۔

وزیر اعلی نے مزید ہدایت کی کہ وضع کردہ سیکورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جانا چاہیے اور اس ضمن میں مانیٹرنگ کا موثر نظام بھی وضع کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کے لئے جو کچھ انسانی بس میں ممکن ہے وہ اقدام اٹھایا جائے۔انہوںنے کہا کہ فائنل میچ کامیاب بنانے کیلئے آپ سب نے دن رات محنت ، لگن ، جذبے اور عزم کے ساتھ کام کرنا ہے ۔

انشاء اللہ عوام کی تائید و حمایت سے یہ میگا فائنل کامیابی سے ہمکنار ہو گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دشمن کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کو مل کر ناکام بنائیں گے اور انشاء اللہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے ۔اس حوالے سے میں وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانے کا فیصلہ وزیر اعلی پنجاب نے وزیراعظم کی مشاورت سے کیا ہے۔

کھلاڑیوں کو فول پروف سکیورٹی دی جائے گی۔ تمام ایجنسیاں ملکر سیکورٹی کو یقینی بنائیں گی۔انہوں نے کہا کہ فول پروف سکیورٹی کے انتظامات صرف لاہور میں نہیں پورے صوبے میں کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا پی سی بی کے شیڈول کے مطابق ہی فائنل شروع ہو گا۔ فائنل میچ شام 4بجے کے بعد ہو گا اور اختتامی تقریب بھی لاہور میں ہو گی جو رات 11 بجے تک مکمل ہو جائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس ایل اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونا بڑی خوش آئندہ با ت ہے ، یہ آپ کے عزم ، حوصلہ افزائی ، خدا کے کرم اور عوام کی خواہش کے مطابق ہونے جا رہا ہے ۔ پاکستانی عوام نے عزم دکھایا ہے اور دنیا کو بتا دیا کہ پاکستانی پر امن قوم ہے جو دہشت گردی کو ختم کرکے دکھائیں گے ۔

انہوںنے کہا کہ بڑے بڑے لوگ پی ایس ایل دیکھنے لاہور آئیں گے،دنیا کے آٹھ ممالک کے سکیورٹی ماہرین فائنل دیکھنے لاہور آرہے ہیں،جن میں انگلینڈ،آسٹریلیا،نیوزی لینڈ کے ماہرین اور آئی سی سی کے دو ممبر بھی شامل ہوں گے، انشاء اللہ وہ پی ایس کی کامیابی کے بعد یہ پیغام دنیا کو بھی دیں گے ۔ اس کے بعد کرکٹ واپس اپنے گھر پاکستان آئے گی ۔ انہوں نے کہاکہ کرکٹ پاکستان کے دل کی دھڑکن ہے اور یہ دل پاکستان میں دھڑکے گا ۔

یہ ایک شخص ، ایک ٹیم ، ایک کرکٹ بورڈ کی انتھک کوششیں نہیں بلکہ یہ ہو ہی نہیں سکتا تھا اگر ہماری فرنچائزز نہ ہوتیں ، غیر ملکی کھلاڑی نہ ہوتے اور میڈیا کا سپورٹ نہ ہوتا ۔ اب ہمیں پی ایس ایل کے فائنل کو کامیاب بنانے کے لئے سات آٹھ دن بھرپور محنت کرنی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فائنل میں8غیرملکی کھلاڑی حصہ لینگے،ہرٹیم میں 4غیر ملکی کھلاڑی ہونگے۔

3مارچ کو پتہ چل جائے گا کہ کون سی دو ٹیمیں فائنل کھیلیں گی جس کے بعد کون کون سے غیر ملکی کھلاڑی فائنل کھیلیں گے اس کا بھی پتہ چل جائے گا۔اگر کوئی کھلاڑی تیار نہیں ہو گا تو اس کا متبادل کھیلے گا لیکن مجھے امید ہے تمام غیرملکی کھلاڑی آئیں گے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل کے لیے پوری قوم اور ادارے ایک صفحے پر ہیں، قوم نے پیغام دے دیا ہے کہ وہ بلیک میل نہیں ہو گی اور ہم دہشت گردی کے ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔

ان کے مطابق پاکستان آٹھ سال کرکٹ سے محروم رہا جس سے بہت نقصان ہوا اور اب غیرملکی کرکٹرز پاکستان آئیں گے اور کرکٹ جلد بحال ہوگی۔ٹکٹس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ فائنل کے ٹکٹس کی فروخت آج ( منگل ) سے شروع ہو جائے گی ۔ ٹکٹس آن لائن اور آئوٹ لیٹ کے ذریعے فروخت کیے جائینگے ۔ جن کی قیمت 500، 4000، 8000اور 12000روپے ہو گی ۔
Live پی ایس ایل 9 سے متعلق تازہ ترین معلومات