خادم پنجاب صاف پانی کا پروگرام ،مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کرلیاگیا

جنوبی پنجاب کی 37 تحصیلوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا پروگرام شروع کیا جائے گا،شہبازشریف

پیر 27 فروری 2017 22:11

خادم پنجاب صاف پانی کا پروگرام ،مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کرلیاگیا
لاہور۔27 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میںخادم پنجاب صاف پانی پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیااورمستقبل میں پروگرام پر عملدر آمد کے لئے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کے پروگرام پرتیزی سے عملدر آمد کیلئے مستقبل کا لائحہ عمل طے کرلیاگیا ہے اوراب ہم نے ملکراس پر تیزی سے عملدرآمد کرنا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ پہلے مرحلے میں جنوبی پنجاب کی 37 تحصیلوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا پروگرام شروع کیا جائے گااوراس پروگرام کا دائرہ مرحلہ وار پورے صوبے تک پھیلا یا جائے گاجبکہ غیر فعال واٹر سکیموں کو بھی بحال کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام پر عملدرآمد کیلئے اب درست سمت میں کام ہو رہا ہے۔

پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا پروگرام مفاد عامہ کا شاندار پروگرام ہے لہٰذا اسے جتنی جلدی ممکن ہو آگے بڑھایا جائے۔ پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک ایک لمحہ قیمتی ہے اور ہم نے محنت اور عزم کے ساتھ ماضی میں ضائع شدہ وقت کی تلافی کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہپنجاب صاف پانی کمپنی اپنی استعدادکار میں اضافے کیلئے بہترین ہیومن ریسورس کا میرٹ پر انتخاب کرے اور غیر فعال دیہی واٹر سکیموں کو بحال کرنے کیلئے قابل عمل سفارشات پیش کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پینے کا صا ف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اورپنجاب حکومت یہ حق اس کو دینے کیلئے اس پروگرام پر کام کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صاف پانی پروگرام کے اہداف مقررہ مدت میں حاصل کرنا ہیں اور اس ضمن میں محنت سے کام کرنا ہوگا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پروگرام پر عملدر آمدکرتے ہوئے مستقبل کی ضروریات کو بھی مدنظر رکھا جائے تاکہ اس پروگرام میں مزید وسعت کی گنجائش موجود ہو۔

انہو ںنے کہا کہ صاف پانی زندگی ہے اور اس کا تعلق براہ راست انسانی صحت سے جڑا ہے اور صاف پانی ہر شہری کی بنیادی ضرورت ہے - عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہمیں یہ ذمہ داری ہر صورت نبھانا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پینے کے صاف پانی کے پروگرام کو مقررکردہ مدت کے اندر ہر صورت مکمل کرنا ہے اور منزل کے حصول کی جانب تیزی سے بڑھنا ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب صاف پانی کمپنی سائوتھ نے پروگرام کے مختلف ماڈلز اور عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی۔ چیئرمین صاف پانی کمپنی سائوتھ چوہدری عارف سعید، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری ہائوسنگ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :