Live Updates

پاکستان سپر لیگ ٹو کا فائنل 5 مارچ کو لاہور میں ہو گا،اس کی منظوری وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز ہونے والے ایک اہم اجلاس میں دی ،فائنل کے سلسلے میں سیکیورٹی کے پانچ مراحل ہوں گے جس کے ایک ایک نقطے پر غور کیا جائے گا اورشائقین کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی،عمران خان فیصلے کی مخالفت کرکے پاگل پن کا مظاہرہ کر رہے ہیں،وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کی نجی ٹی وی چینلز سے گفتگو

پیر 27 فروری 2017 22:07

پاکستان سپر لیگ ٹو کا فائنل 5 مارچ کو لاہور میں ہو گا،اس کی منظوری وزیر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2017ء) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ ٹو (پی ایس ایل ٹو)کا فائنل 5 مارچ کو لاہور میں ہی ہو گا۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے پی ایس ایل کا فائنل لاہور میںکرانے کی منظوری دے دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو مختلف نجی ٹی وی چینلز سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کی منظوری گزشتہ روز ہونے والے ایک اہم اجلاس میں دی تھی۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے فائنل کے سلسلے میں سیکیورٹی کے پانچ مختلف مراحل ہوں گے جس کے ایک ایک نقطے پر غور کیا جائے گا اور شائقین کرکٹ کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ہم سب نے مل کر لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل کے فائنل کو کامیاب بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شائقین کو کرکٹ سٹیڈیم کے پاس اتارا جائے گا اور وہ سیکیورٹی کے مختلف مراحل سے گزرنے کے بعد ہی اسٹیڈیم میں داخل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کے انعقادکا فیصلہ بلاشبہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ہی نے کیا لیکن اس فیصلے سے پہلے انہوں نے سیکیورٹی اداروں سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بہت تفصیل سے مشاورت کی ۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ہمارے کرکٹ شائقین کے لیے ایک بہت بڑی خوشخبری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہمیں اس فائنل میچ کے لیے جو وقت بتایا ہے وہ شام کا ہی ہے جس کی سرگرمیاں شام 4 بجے سے ہی شروع ہو جائیں گی جو رات 11بجے تک جاری رہیں گی جس دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔عمران خان کے پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کروائے جانے کی مخالفت کے بیان پر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پوری قوم نے لاہور میں یہ میچ کرانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور دہشتگردوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ ہم دہشتگردی سے ڈرنے والے نہیں ہیں لیکن عمران خان پاگل پن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
Live پی ایس ایل 9 سے متعلق تازہ ترین معلومات