ترک وزارت صحت کے 15 رکنی وفد کی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے ملاقات

ہسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول ، ہاسپیٹل ویسٹ مینجمنٹ میں ترکی کے ماہرین تعاون کریں گے ،خواجہ سلمان رفیق

پیر 27 فروری 2017 21:58

ترک وزارت صحت کے 15 رکنی وفد کی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے ملاقات
لاہور۔27 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2017ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور صوبائی حکومت صحت کے شعبہ کی ترقی میں ترکی کے ماہرین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول ، ہاسپیٹل ویسٹ مینجمنٹ اور ہسپتالوں کی ری ویمپنگ میں وزارت صحت ترکی کے ماہرین کا تعاون دور رس نتائج کا حامل ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے آج سول سیکرٹریٹ میں ڈاکٹر حسن کاگل کی قیادت میں ترکی کی وزارت صحت کے 15 رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ ،سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر ساجد چوہان ، چیف ایگزیکٹو میو ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم خان ، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر سلمان شاہد ، ڈپٹی سیکرٹری ہیلتھ اور کوارڈینیٹر ڈاکٹر ید اللہ و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے - وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان مثالی برادرانہ تعلقات ہیں اور وزیر اعظم محمد نواز شریف کے حالیہ دورہ ترکی سے ان تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہو گا -انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی قیادت اپنے اپنے ملک کے عوام کی ترقی اور معاشی خوشحالی کے لئے بے مثال جدوجہد کر رہی ہے اور پاکستان میں بہت سے شعبوں میں ترکی کے ماہرین اور حکومت تعاون کر رہے ہیں -اس موقع پر بتایا گیا کہ جناح ہسپتال کی ری ویمپنگ کے منصوبہ میں ترکی کے آرکیٹکچرل ڈیزائنرز تکنیکی تعاون فراہم کریں گے -علاوہ ازیں ترکی کے وفد میں شامل انفیکشن کنٹرول کے ماہرین صوبہ پنجاب کے ہسپتالوں میں انفیکشن روکنے اور ہاسپیٹل ویسٹ مینجمنٹ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ترکی کے تجربہ کی روشنی میں ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مدد کریں گے - اجلاس میں طے پایا کہ ترکی کے ماہرین کا وفد میو ہسپتال ، جناح ہسپتال اور لاہور جنرل ہسپتال کا دورہ کر کے اپنی سفارشات پیش کرے گا - ترکی کے وفد کے ارکان نے اس موقعہ پر کہا کہ پاکستان ان کا دوست وطن ہے اور خاص طور پر صوبہ پنجاب او رلاہور آکر انہیں بہت خوشی ہو رہی ہے اور وفد کے ارکان حکومت پنجاب کی مہمان نوازی سے بہت متاثر ہوئے ہیں - وفد کے سربراہ ڈاکٹر حسن کاگل نے کہا کہ پنجاب کے ہیلتھ کیئر کی ترقی کے لئے کام کر کے انہیں بہت خوشی ہے اور اس پر ترکی کے ماہرین فخر محسوس کرتے ہیں -

متعلقہ عنوان :