وفاقی وزیر داخلہ کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ، ای سی او سمٹ کیلئے سیکیورٹی پلان کی منظوری

پیر 27 فروری 2017 21:33

وفاقی وزیر داخلہ  کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ،  ای سی او سمٹ کیلئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 فروری2017ء) ای سی او سمٹ سیکیورٹی کے حوالے سے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیرِ صدارت راولپنڈی اور اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کا اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ای سی او سمٹ کے لئے سیکیورٹی پلان کی منظوری دیدی گئی۔ دورانِ سمٹ پاکستان آنے والے سربراہانِ مملکت، سربراہانِ حکومت اور غیر ملکی وفود کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کی سہولت کے لئے وزیرِ داخلہ کی ہدایت پر جڑواں شہروں میں یکم مارچ کو مقامی تعطیل جبکہ 28فروری کو ایک بجے کے بعد تعلیمی اداروں اوردفاتر میں چھٹی کر دی جائے گی۔ دورانِ سمٹ جڑواں شہروں کے لئے ٹریفک پلان کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

28فروری سہ پہر سے یکم مارچ رات تک کشمیر ہائی وے زیرو پوائنٹ سے سرینا چوک تک عام ٹریفک کے لئے بند رہے گی۔

یہ اقدامات سیکیورٹی کی ضروریات کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانے اور شہریوں کو تکلیف سے بچانے کی غرض سے کیے جا رہے ہیں۔ مری کشمیر سے آنے والی ٹریفک کنونشن سنٹر سے فیض آباد کے ذریعے کشمیر ہائی وے زیرو پوائنٹ تک رسائی حاصل کرے گی۔ اسی طرح گولڑہ سے آنے والی ٹریفک کو زیرو پوائنٹ سے فیض آباد کی جانب موڑ دیا جائے گا۔