ایک طرف رینجرز امن و امان کیلئے قربانی دوسری جانب ان پر الزامات عائد کیے جا رہے ہیں،سند ھ ہائی کورٹ

رینجرز اہلکار اسلحہ ساتھ لے گئے ہیں توچھان بین کی جائے گی،فریقین معاملے کا جائزہ لے کرعدالت کو آگاہ کریں،عدالت کا فریقین کو حکم

پیر 27 فروری 2017 20:42

ایک طرف رینجرز امن و امان کیلئے قربانی دوسری جانب ان پر الزامات عائد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2017ء) سندھ ہائی کورٹ میں رینجرز کے چھاپے کے خلا ف درخواست کی سماعت ہوئی‘ جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ رینجرزکے خلاف یہ نامناسب عمل ہے، فریقین معاملے کا جائزہ لے کرعدالت کو آگاہ کریں۔سندھ ہائی کورٹ میں پیڑول پمپ پر رینجرز کے چھاپے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ جس میں رینجرز کی جانب سے ڈی ایس آرعابد عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

درخواست کے مندرجات کے مطابق رینجرزاہلکاروں نے کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں واقع یوسف پلازہ کے قریب پیٹرول پمپ پرچھاپہ مارا، چھاپے کے دوران لائسنس یافتہ اسلحہ بھی رینجرزاہلکار ساتھ لے گئے۔دوسری جانب رینجرزکے وکیل کا کہنا ہے کہ درخواست گزار نے سازش کے تحت عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف رینجرز جوان امن کے لئے قربانی دے رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب ان پر الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رینجرز کے خلاف یہ نامناسب عمل ہے،جو اسلحہ ساتھ لے جانے کا الزام ہے وہ محض ایک ہزاریا 1200 روپے میں مل جاتا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ رینجرز اہلکار اسلحہ ساتھ لے گئے ہیں توچھان بین کی جائے گی، عدالت نے حکم جاری کیا کہ فریقین معاملے کا جائزہ لے کرعدالت کو آگاہ کریں۔

متعلقہ عنوان :