چھوٹے کاشتکاروں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئے ای کریڈیٹ سکیم کے تحت 10 ہزار کسان رجسٹرڈ

پیر 27 فروری 2017 20:16

چھوٹے کاشتکاروں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئے ای کریڈیٹ سکیم کے تحت ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2017ء) چھوٹے کاشتکاروں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئے ای کریڈیٹ سکیم کے تحت فیصل آباد میںپیر کے روز تک10 ہزار کسان رجسٹرڈ کر لئے گئے ہیں جبکہ کسان کارڈ زکے اجرائ کیلئے 51 ہزار 204 کاشتکاروں کا ڈیٹا جمع کرلیا گیا ہے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد کو ضلعی زرعی مشاورتی کمیٹی اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شبیر افضل وڑائچ نے بریفنگ کے دوران محکمانہ کارکردگی،کاشتکاروں کے مسائل اور ان کے حل کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ ڈاکٹر آصف،اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ ڈاکٹر عامر رسول،ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر عبدالقدوس،کاشتکاروں کے نمائندے میاں ریحان الحق،نذیر اچوہدری،محکمہ لائیوسٹاک،انہار،پنجاب پولیس،زرعی ترقیاتی بینک کے افسران،لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم سنٹرز کے انچارجز،اسسٹنٹ ڈائریکٹرز زراعت اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صدر اجلاس نے کسان کارڈ کے اجرائ کیلئے کاشتکاروں کی رجسٹریشن کے عمل میں تیزی لانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں سست روی کی گنجائش نہیں۔انہوں نے کاشتکاروں کو قرضہ جات کی فراہمی کیلئے رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لیا اور کہا کہ ڈیٹا کی اپ لوڈنگ میں تاخیر نہ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کی بہبود اور زرعی پیداوار میں اضافہ کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات پر عملدرآمد میں کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے اس ضمن میں کسانوں کی تجاویز کو بھی مقدم رکھیں۔