این اے -51 میں جاری ترقیاتی سکیموں کو جلد پائے تکمیل تک پہنچایا جائے ،راجہ جاوید اخلاص

پیر 27 فروری 2017 19:52

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2017ء) رکن قومی اسمبلی راجہ جاوید اخلاص نے کہا ہے کہ NA-51 میںجاری ترقیاتی سکیموں کو سیکٹر وائز جلد پائے تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ ان سکیموں کے مکمل ہونے کے بعد عوام کو بنیادی سہولیات میسر آ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ تین ڈگری کالجز مندرہ ، چنگا بگیال اور دولتالہ میں تعمیر کیے جارہے ہیں جن پر تیزی سے کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرھ کروڑ روپے کی لاگت سے ٹی ایچ کیو ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا کام جون تک مکمل کر لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ2015-16 کے مالی سال میںسکولوں کی 16 بوسیدہ عمارتوں میں سے 12کی ازسرنو تعمیر مکمل ہوچکی ہے اور 2016-17 کے مالی سال میں مزید 17 بوسیدہ عمارتوں کی تعمیر و مرمت کا کام مکمل کر لیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی آفس میں NA-51 کے ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر طلعت محمود گوندل ، ای ڈی او فنانس رائو عاطف ، ڈپٹی ڈائریکٹرڈویلپمنٹ صائمہ غفور، ایڈیشنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اے ڈی نجمی ، ڈائریکٹر کا لجز ملک اصغر خان ، ایکسین بلڈنگ خواجہ خالد شہزاد،ڈائریکٹر سکولز قاضی ظہور الحق ، این اے 51 کے کوارڈیینٹرطیب قریشی ، ای ڈی او بلڈنگ گوجرخان محمد طاہر سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندہ افسران نے شرکت کی ۔

رکن قومی اسمبلی راجہ جاوید اخلاص نے کہا کہ فیز ون میں جاری سڑکوں او ر گلیوں کی تعمیرات کا کام جون تک ہر صورت مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ہریونین کونسل میں طلباو طالبات کے لیے الگ الگ سکولز قائم کیے جائیں گے جس پر فوری عمل درآمد ہوچکا ہے تاکہ دیہات کے لوگوں کو اپنے بچوں کے لیے حصول تعلیم کے لیے دور دارز علاقوں میں نہ جانا پڑیں ۔

انہوں نے ایس ای روڈز کو ہدایت کی کہ کلیام شریف روڈ کی تعمیرات کا جلد کام مکمل کیا جائے تاکہ عرس کی تقریبات میں آنے والے لوگوں کو مشکلات سے بچایا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب بہت جلد دولتالہ کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان کریں گے اس سلسلے میں تمام انتظامات جلد مکمل کیے جائیں گے ۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر طلعت محمود گوندل نے کہا کہ اسلام پورہ جبر میں ڈسپنسری کا کام جاری ہے تاکہ دیہات میں بسنے والے لوگوں کو صحت کی بنیادی سہولیات میسر آسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو صحت اورتعلیم ساتھ ساتھ دیہات کو شہر سے منسلک کرنے کے لیے سٹرکوں کا جال بچھارہی ہے تاکہ گائوں کے رہنے والے لوگوں کے لیے شہروں تک رسائی کو آسان بنایا جائے۔