سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن سے امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی کی اہم ملاقات،مسئلہ کشمیر سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال

پیر 27 فروری 2017 19:07

سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن سے امیر جماعت اسلامی آزاد ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن سے امیر جماعت اسلامی و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے اہم ملاقات کی ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منور حسن نے کہا کہ کشمیری جدوجہد آزادی کی عظیم تاریخ رقم کررہے ہیں ہندوستان موت سے بے خوف کشمیریوں کو اب غلام نہیں رکھ سکتا ،کشمیری اپنے شہداء کو دفنا کر پاکستان کا پرچم لہرا کر پاکستان کی حکومت اور اہل پاکستان کو اپنی ذمہ داریوں کی طرف متوجہ کررہے ہیں کشمیری نہ صرف اپنی آزادی بلکہ پوری امت کی بقاء کی جنگ لڑرہے ہیں حکومت اور اہل پاکستان کو بحثیت فریق اور وکیل کے بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے اور کشمیریوں کی حقیقی پشتیبانی کرتے ہوئے اس مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا چاہیے ،پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کا قدر دان ہے اور حکمرانوں کو بھی کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے ،جو قوم موت سے بے خوف ہو جاتی ہے وہ آزادی حاصل کر کے رہتی ہے کشمیریوں نے بھارت پر ثابت کر دیا ہے کہ وہ غلامی قبول نہیں کریں گے ،برہان وانی شہید پوری امت کے نوجوانوں کو حریت کا درس دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا وہ پوری امت کے نوجوانوںکے ہیروہیں،اس موقع پر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال اور بیس کیمپ کے کردار کے حوالے سے آگاہ کیا ،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہو رہا ہے عالمی برادری کی خاموشی کی وجہ سے اس کو اور شہ مل رہی ہے اہل کشمیر اپنی توقعات اللہ کے بعد اہل پاکستان سے وابستہ کیے ہوئے ہیں جماعت اسلامی پاکستان اول روز سے پشتیبانی کررہی ہے اسی طرح دیگر جماعتوں کو بھی کشمیریوں کی پشیبانی کرنی چاہیے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آزاد کشمیر دعوتی تنظیمی اور تحریک آزادی کشمیر کے محاذوں پر مصروف جہد ہے اور ہم کوشش کررہے ہیں کہ آزاد خطے کو تحریک آزادی کا حقیقی بیس کیمپ بنائیں اور یہاں نظام کی اصلاح کر کے لوگوں کے مسائل حل کریں ۔