زکورہ اور بٹہ مالو قتل عام کے شہداء کو 27ویں برسی پرشبیر شاہ کاخراج عقیدت

پیر 27 فروری 2017 18:59

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں سینئر حریت رہنما اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے زکورہ اور بٹہ مالو قتل عام میں شہید ہونے والے افرادکوان کی 27ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے جن میں بھارتی فورسز نے 50سے زائد معصوم کشمیریوں کو شہید کیاتھا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ ہمیں گائو کدل ،بجبہاڑہ ،سوپور ،کپوارہ،کنہ کدل ،حول ،مشعلی محلہ ،وندہامہ جیسے سانحات میںشہیدکئے گئے کشمیریوںکو کبھی نہیںبھلا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں تعمیر و ترقی کے جھوٹے خواب دکھانے والے سوداگروں کے جھانسے میں نہیں آنا چاہئے اور اپنے شہداء کو بھول کر دست قاتل میں ہاتھ نہیں دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا بھارت میں صرف ایک جلیاں والا باغ کاواقعہ پیش آیاتھا اور یہ لوگ اب بھی اس کی دہائی رہے ہیں جبکہ یہاں ہر روزمعصوم کشمیریوں کے جنازے اٹھتے ہیں اور کسی نہ کسی ماں کی گود خالی کی جاتی ہے۔

انہوں نے وادی کے طول و عرض بالخصوص پلوامہ، شوپیان، اسلام آباد اور کلگام اضلاع میں بھارتی فورسز اور پولیس کاروائیوں میں معصوم افرادکی گرفتاریوں کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم نوجوانوں کو اندھا دھند طریقے سے گرفتار کیا جارہا ہے جس کا ردعمل ضرور ظاہر ہوگا ۔ انہوں نے فریڈم پارٹی کے رہنمائوں اوراراکین کے خلاف پولیس کاروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوام اس کی بھرپور مزاحمت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پولیس نے فریڈم پارٹی کے کارکنوں عادل احمد وگے، محمد امین اورمشتاق احمد سمیت درجنوں کارکنوں کو گرفتار کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :