Live Updates

تحریک انصاف نے پولیس کو غیر سیاسی اور با اختیار بنانے کا پولیس بل 2017سندھ اسمبلی میں جمع کرا دیا

پولیس نظام میں تبدیلی اور سیاسی مداخلت کا خاتمہ عوامی مطالبہ ہے ، کے پی کے میں پولیس نظام کی تبدیلی کو عوام نے سراہا ہے،خرم شیر زمان کی میڈیا سے گفتگو

پیر 27 فروری 2017 18:06

تحریک انصاف نے پولیس کو غیر سیاسی اور با اختیار بنانے کا پولیس بل 2017سندھ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) پاکستان تحریک انصاف نے پولیس کو غیر سیاسی اور با اختیار بنانے کا پولیس بل 2017 سندھ اسمبلی میں جمع کرا دیا ہے ۔تفصیلات کے مطا بق پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے پیر کو عمران خان کی ہدایت پر پولیس بل 2017سندھ اسمبلی میں جمع کرادیا ہے ۔بل میں کہا گیا ہے کہ ایک جدید اور جمہوری معاشرے کے لئے ضروری ہے کہ ایک آزاد اور پیشہ ورانہ پولیس فورس بنائی جائے۔

موجودہ پولیس ایکٹ 1861 ایک نوآبادیاتی دور کا قانون ہے۔نافذالعمل پولیس ایکٹ کا مقصد حکمرانوں کا عوام پر کنٹرول رکھنا اور خود کو محفوظ بنانا ہے۔پولیس ایکٹ 1861 عوام کو تابع فرمان رکھنے کے لیے حکمرانوں کا ایک آلہ ہے۔ بل کا مقصد محکمہ پولیس کو عوام دوست اور شہریوں کی خدمت کا ادارہ بناناہے۔

(جاری ہے)

بل میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پولیس امور میں سیاسی مداخلت کو ختم کیا جائے۔

سینئر پولیس افسران کی منتقلی کے اختیارات وزیر اعلی کے بجائے آئی جی پولیس کے سپرد کئے جائیں۔ آئی جی پولیس کو صوبہ بھر میں پولیس اسٹیبلشمنٹ میں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کے عہدے تک کے افسران کی منتقلی اور تقرری کرنے کے اختیارات دیئے جائیں۔بل کمانڈ، شفافیت، خدمات کی فراہمی، میرٹ کی بنیاد پر ترقیوں، سخت احتساب اور عمل کے اتحاد کی حمایت کرنے کے اہم نکات پر مشتمل ہے۔

بل کے متن کے مطابق ایک معتبر ٹیسٹنگ ایجنسی کے ذریعے شفاف بھرتیوں ، شکایت کے ازالے کے معتبر نظام، عوامی معلومات کے نظام اور پولیس کی ہیلپ لائنز، کا نظام ٹھیک کرکے پولیس کو عوامی خدمت کا قابل اعتماد ادارہ بنایاجائی,صوبائی پبلک سیفٹی کمیشن کے تحت منتخب نمائندوں اور اچھی شہرت کے حامل شہریوں کے تعاون سے پولیس کو چیک کیا جائے اور تعاون بھی فراہم کیا جائے۔

بعد ازاں سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خرم شیرزمان نے کہا کہ پولیس نظام میں تبدیلی اور سیاسی مداخلت کا خاتمہ عوامی مطالبہ ہے ۔ 1860 کے پولیس ایکٹ کے تحت تھانے جاکر ایف آئی آر درج کرانا ناممکن ہے ۔ کے پی کے میں پولیس نظام کی تبدیلی کو عوام نے سراہا ہے .پولیس نظام کی تبدیلی سے عوام کو تھانوں کے دھکے نہیں کھانا پڑیں گے ۔ پولیس کے نئے نظام سے سیاسی مداخلت کا خاتمہ ہوگا ۔انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف یہ قانون اگر صوبے میں نافذ ہوجاتاہے تو پولیس میں سیاسی مداخلت بند ہوجائے گی اور سیاسی انتقامی کاروائیاں بھی رک جائیں گی ۔اس نظام سے عوام کو بھرپور ریلیف دیا جاسکتاہے ۔ملک کے تمام لوگ کے پی کے پولیس نظام کی تعریف کر رہے ہیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات