دیکھتے ہیں شریفوں کیخلاف کیا فیصلہ آئیگا ، پاناما کیس کے بعد ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے ، بلاول بھٹو زرداری

نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد نہ ہونے سے دہشتگردی پر قابو نہیں پایا جا سکتا، عوام کو تکلیف سے نکالنا چاہتے ہیں، جلسے سے خطاب/ میڈیا سے گفتگو

پیر 27 فروری 2017 18:06

ٹنڈو محمد خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دیکھتے ہیں شریفوں کیخلاف کیا فیصلہ آئیگا ، پاناما کیس کے بعد ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے ، نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد نہ ہونے سے دہشتگردی پر قابو نہیں پایا جا سکتا ۔ ٹنڈو محمد خان میں دریائے سندھ پر آغا خان ملا کاتیار پل کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ ہونے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی سیاست میں آمد کیلئے پاناما کیس پر فیصلے کا انتظار ہے، اس کے بعد ہی سیاسی حکمت عملی سامنے لائینگے ، انہوں نے کہا کہ ہم پاناما کیس کے فیصلے کے حوالے سے زیادہ پر اٴْمید نہیں کیونکہ اب تک عدالتوں سے شریف خاندان کیخلاف فیصلے نہیں آئے ہیں، انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں عوام تکلیف میں ہیں، پیپلز پارٹی پاکستان کے عوام کو تکلیف سے نکالنا چاہتی ہے ، انہوں نے کہا کہ ہم صوبے کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم سندھ کے شہروں کو آپس میں جوڑنا چاہتے ہیں، اس لئے ہم عوام کیلئے انفرا اسٹرکچر پر توجہ دے رہے ہیں، سڑکوں کی تعمیر اور رابطوں سے روزگار بڑھے گا۔

(جاری ہے)

ہم نے دریائے سندھ پر سب سے بڑا پل تعمیر کیا ہے،جس پر وزیراعلیٰ سندھ کومبارک بادپیش کرتا ہوں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ پیپلز پارٹی پیچھے جارہی ہے ہم پارٹی کی تنظیم نو پر توجہ دے رہے ہیں ، انشا اللہ پیپلز پارٹی اگلا الیکشن جیتے گی۔ عرفان اللہ مروت کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے سوال پر چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عرفان اللہ مروت سے صرف ایک ملاقات ہوئی ہے۔