تعلیم اور صحت ہماری ترجیحات میں نمبر ون ہیں، پرائیویٹ سیکٹر میں مزید تعلیمی ادارے کھولے جائیں، مشتاق غنی

پیر 27 فروری 2017 17:47

تعلیم اور صحت ہماری ترجیحات میں نمبر ون ہیں، پرائیویٹ سیکٹر میں مزید ..
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2017ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ تعلیم اور صحت ہماری ترجیحات میں نمبر ون ہیں، جتنے بھی تعلیمی ادارے پرائیویٹ سیکٹر میں کھولے جائیں کم ہیں کیونکہ جس تناسب سے ہماری آبادی میں اضا فہ ہو رہا ہے اس سے ہماری سرکاری تعلیمی ادارے ضرورت پوری نہیں کر سکتے اس لئے پرائیویٹ سیکٹر میں زیادہ سے زیادہ اچھے تعلیمی ادارے کھولے جائیں تاکہ عوام کی ضرورت پوری ہو اور ہر بچہ زیور تعلیم سے آراستہ ہو سکے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ایم سکول آف ایکسیلنس حویلیاں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر تحصیل ناظم حویلیاں سردار ارسل پرویز، سابق ایم پی اے نثار صفدر، ممبر ضلع کونسل بابو جاوید اقبال، ایم ڈی حسین وحید اور میڈم مس فائزہ نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں سکول کے طلبہ، والدین اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مشیر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا مشتاق احمد غنی نے کہا کہ وہ مبارکباد پیش کرتے ہیں ایم سکول آف ایکسیلنس کی انتظامیہ کو جنہوں نے حویلیاں میں اتنا اچھا اور معیاری تعلیمی ادارہ قائم کیا جس کی یہاں پر بہت ضرورت تھی۔

انہوں نے کہا کہ ما حولیا تی آلودگی کے خاتمہ کیلئے ہماری حکومت خیبر پختونخوا میں ایک ارب 20 کروڑ درخت لگا رہی ہے جس میں آج تک تقریباً 65 کروڑ در خت لگ چکے ہیں جو 80 فیصد کامیاب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کے تمام اضلاع میں پبلک سیفٹی کمیشن کے دفتر بھی عوام کی سہولت کیلئے قائم کر دیئے گئے ہیں، بلاتفریق پورے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی کام جاری ہیں، یہی ہے، تبدیلی جس کا ہم نے عوام سے وعدہ کیا تھا بلکہ خیبر پختونخوا حکومت اپنے خر چ پر81 کلو میٹر سوات موٹر وے کی تعمیر کے کام کا آغاز ہو چکا ہے، ہم نے تین سال میں صرف 22 کروڑ روپے اشتہارات کی مد میں خرچ کئے۔آخر میں انہوں نے سکول کے مختلف حصوںکا معائنہ کیا۔

متعلقہ عنوان :