اکلاس ملازمین گزشتہ دو ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں ‘جس کی وجہ سے ہم ملازمین کے گھروں کے چولہے تک ٹھنڈے ہو چکے ہیں لیکن حکومت اور انتظامیہ کی طرف سے ہمارے مسائل پر توجہ نہیں دی جارہی ہے

صدر اکلاس ایمپلائز یونین میرپور ارشد محمود چوہدری کا ہنگامی اجلاس سے خطاب

پیر 27 فروری 2017 16:39

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 فروری2017ء) اکلاس ملازمین گزشتہ دو ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے ہم ملازمین کے گھروں کے چولہے تک ٹھنڈے ہو چکے ہیں لیکن حکومت اور انتظامیہ کی طرف سے ہمارے مسائل پر توجہ نہیں دی جارہی ہے اور نہ ہی انتظامیہ کی طرف سے تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالہ سے اقدامات کیے جارہے ہیں جس کے باعث ہمارے گھروں میں فاقوں تک کی نوبت آن پہنچی ہے ۔

ان خیالات کااظہار ارشد محمود چوہدری صدر اکلاس ایمپلائز یونین میرپور نے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل محمد منشاء قریشی ، نائب صدر چوہدری محمد رفیق ، جوائنٹ سیکرٹری چوہدری محمد معروف ، آفس سیکرٹری محمد مالک چوہدری ، سیکرٹری فنانس راجہ منیر حسین ، چیئرمین مشاورتی کونسل سید عتیق الرحمن شاہ ، نگران اعلیٰ حاجی محمود حسین ، پریس سیکرٹری چوہدری جہانگیر حسن ، پروپیگنڈہ سیکرٹری طارق محمود غزانی نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے گھروں میں فاقہ کشی جیسی نوبت پہنچ چکی ہے لیکن نااہل انتظامیہ کی طرف سے تنخواہوں کی ادائیگی تاحال ممکن نہیں بنائی جاسکی جس کے باعث غریب ملازمین کا معاشی قتل عام ہو رہا ہے حکومت اور انتظامیہ کو ہمارے مسائل پر بھی توجہ دینی چاہیے اور اکلاس ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالہ سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر کے ہمارے مسائل کو سمجھنا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالہ سے کئی بار اکلاس انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا ہے اور مطالبات پیش کیے گئے کہ گزشتہ دوماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کو فی الفور ممکن بنایا جا سکے لیکن انتظامیہ کی نااہلی اور غفلت کے باعث آج دو ماہ سے اکلاس ملازمین میرپور تنخواہوں سے محروم ہیں۔ مقررین نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر اکلاس کے اربوں روپے کے اثاثہ جات کو اپنی تحویل میں لے تاکہ ہم ملازمین کا مستقبل محفوظ ہو سکے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے صدر آزادکشمیر ، وزیراعظم آزادکشمیر ، وزیر حکومت چوہدری محمد سعید اورسیکرٹری جنگلات اکلاس سے پرزور مطالبہ کیا کہ اکلاس ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کو ممکن بنایاجائے ۔

متعلقہ عنوان :