حافظ سعید اور جماعت الدعوة کی تحریک آزادی کشمیر کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں ‘امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی حافظ سعید بارے ایسا نہیں کہہ سکتے ‘جماعت اسلامی نے حافظ سعید کی گرفتاری کی بھی مذمت کی ہے

جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ کی صحافیوں سے بات چیت

پیر 27 فروری 2017 16:32

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 فروری2017ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حافظ سعید اور جماعت الدعوة کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے خدمات قابل تحسین ہیں جماعت اسلامی کے امیر عبدالرشید ترابی حافظ سعید بارے ایسا نہیں کہہ سکتے ،جماعت اسلامی نے حافظ سعید کی گرفتاری کی بھی مذمت کی ہے اور مطالبہ کرتے ہیں کہ انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے ،کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے ہندوستان طاقت کے ذریعے کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا ،ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو بھی قومی اور ملکی سلامتی کے معاملے میں اختیاط کرنی چاہیے بعض باتیں ایسی ہوتی ہیں جو دشمن اپنے فائدے کے لیے استعمال کرتا ہے انہوں نے کہا کہ حافظ سعید اور ان کی جماعت کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے دشمن عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرتا ہے ایک سوال کے جواب میں شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہا کہ کشمیریوں کے قاتل بھارت سے دوستی کی باتیں کر کے کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی بند کی جائے بھارت ہمارا دشمن اور کشمیریوں کا قاتل ہے اس نے کشمیر پر قبضہ کیا ہوا ہے اور پاکستان میں تخریب کاری کروا رہا ہے ایسے کھلے دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ٹھوس پالیسی اور جامع حکمت عملی تشکیل دینا ہو گی کشمیریوں نے آزادی کا عزم کیا ہوا ہے وہ منزل کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے ۔