کراچی، عرفان اللہ مروت ہی نہیں پوری زرداری لیگ کو جیل میں ہونا چاہئے ، رزاق باجوہ

لوٹے لٹیرے اقتدار اختیارات ،لوٹے ہوئے مال کی چمک دیکھ کر زرداری لیگ میں بھگڈر مچی ہوئی ہے ،انور گجر

پیر 27 فروری 2017 16:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) سندھ نیشنل فرنٹ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ( اطلاعات ) محمد انور گجر ، کراچی ڈویژن کے کوآرڈینیٹر رزاق باجوہ ، میر عبدالنبی بروہی ، لطیف راولانی ، عبدالفتح بھٹو ، فقیر کلمتی اور اقبال بلوچ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ صرف عرفان اللہ مروت ہی نہیں بلکہ پوری زرداری لیگ کو جیل میں ہونا چاہئے کیونکہ موجودہ زرداری پارٹی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو ، میر مرتضیٰ بھٹو اور بے نظیر کے مخالفین ، دشمن اور قاتل بیٹھے ہیں ۔

ان مفاد پرست وڈیروں ، لٹیروں کو چن چن کر زرداری نے پارٹی میں شامل کیا ہے ۔ جن کے ہاتھ بھٹو خاندان کے خون سے کندھوں تک رنگے ہوئے ہیں ۔ موجودہ پارٹی شہید بھٹو اور بے نظیر کی پارٹی نہیں ہے بلکہ یہ زرداری کی کرپٹ مافیا ہے ۔

(جاری ہے)

جس نے اپنے 9 سالہ دور اقتدار میں ملک خصوصاً سندھ کے عوام کو لوٹ مار اور کرپشن کرکے اذیتوں اور پریشانی میں مبتلا کیا ہے اور سندھ کے لیے عذاب بنے ہوئے ہیں حالانکہ سندھ کے عوام آج بھی زرداری ٹولے سے نجات کی راہ تلاش کر رہے ہیں ۔

لیکن لوٹے لٹیرے وڈیرے اقتدار ، اختیارات اور عوام کے لوٹے ہوئے مال کی چمک دیکھ کر زرداری کے پیچھے بھاگ کر اپنا منہ کالا کر رہے ہیں ۔ 2013 ء کے عام انتخابات میں پاکستان کے عوام نے زرداری لیگ کو پورے ملک سے شکست دے کر تینوں صوبوں سے شکست دے کر بھگا دیا لیکن سندھ میں زرداری نے نواز شریف سے مفاہمت کرکے اپنی مرضی کی نگران حکومت بنا کر سندھ کی بیورو کریسی انتظامیہ اور پولیس کی مدد سے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کر سندھ پر زبردستی مسلط ہوئے ۔

حالانکہ سندھ کے عوام نے زرداری سے نفرت کا اظہار کرکے نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کیا اور (ن) کے امیدواروں کو جتوایا لیکن (ن) لیگ امیدواروں کو راتوں رات نواز شریف اور زرداری کے مک مکا نے انتظامیہ کی مدد سے قربانی کا بکرا بنا کر ہروایا ۔ جس کا واضح ثبوت الیکشن ٹریبونل نے (ن) لیگ کے کئی امیدواروں کو کامیاب کروا کر زرداری لیگ کے امیدواروں کے ووٹ جعلی قرار دے کر نااہل کیا ۔

نواز شریف نے زرداری سے مفاہمت کرکے عوام کے مینڈیٹ کی توہین اور دھوکا دیا ہے ۔ جس کے باعث آج سندھ کے عوام یہاں پر ہونے والی تباہی و بربادی کا ذمہ دار زرداری کے ساتھ ساتھ نواز شریف کو بھی ٹھہراتے ہیں ۔ انور گجر رزاق باجوہ نے مزید کہا کہ نواز شریف اور زرداری دونوں ایک دوسرے کی انشورنس ہیں ۔ صرف یہی نہیں بلکہ نواز شریف نے اپنی پارٹی (ن) لیگ سندھ کو زرداری پر قربان کر دیا اور (ن) لیگ سندھ کے سچے مخلص رہنماؤں و کارکنوں کو نظرانداز اور عوام سے بے وفائی کرکے دھوکا دیا ہے اور سندھ زرداری کو تحفے میں دے کر ان کے حوالے کر دیا اور (ن) لیگ کا سندھ سے مکمل طور پر صفایا کر دیا ۔

نواز شریف اقتدار سے قبل سندھ میں جلسوں سے خطاب کرکے سندھ کی تقدیر بدلنے کے عوام سے جھوٹے وعدے کرتے تھے لیکن وزیر اعظم بننے کے بعد نواز شریف نے زرداری کی تقدیر بدل کر سندھ کو مفاہمت کی بھینٹ چڑھایا دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :