اربوں روپے خورد برد کے مقدمے میں نامزد ملزمان لوکل گورنمنٹ کے سیکرٹریز حافظ عبدالباسط اور فیصل جمال سمیت مشیر خزانہ کے فرنٹ مین نوراللہ کو 6 مارچ تک گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے

احتساب عدالت کا سابق مشیر خزانہ بلوچستان میرخالد لانگو ، سیکرٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی ، ٹھیکیدار سہیل مجید کو نیب کے ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کا حکم

پیر 27 فروری 2017 16:11

اربوں روپے خورد برد کے مقدمے میں نامزد ملزمان لوکل گورنمنٹ کے سیکرٹریز ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 فروری2017ء) احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج عبدالمجید ناصر نے لوکل گورنمنٹ فنڈز میں اربوں روپے خورد برد کے اسکینڈل میں گرفتار سابق مشیر خزانہ بلوچستان میرخالد لانگو ، سیکرٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی ، ٹھیکیدار سہیل مجید کو نیب کی جانب سے دائر کردہ ریفرنس کی نقول فراہم کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ اربوں روپے خورد برد کے مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان لوکل گورنمنٹ کے سیکرٹریز حافظ عبدالباسط اور فیصل جمال سمیت مشیر خزانہ کے فرنٹ مین نوراللہ کو بھی 6 مارچ تک گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے ۔

گزشتہ روز کیس کی سماعت شروع ہوئی تو سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی ، ٹھیکیدار سہیل مجید اور سابق مشیر خزانہ بلوچستان میر خالد لانگو کے وکیل بیرسٹر عامر لہڑی ، نیب کے حکام اور دیگر پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

سابق مشیر خزانہ بلوچستان میر خالد لانگو کی عدالت میں عدم پیشی سے متعلق عدالت کے جج نے پولیس حکام سے استفسار کیا تو انہوں نے ایک مرتبہ پھر میر خالد لانگو کا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیمار ہیں اس لئے انہیں پیش نہیں کیا جاسکا جس پر عدالت نے کیس کی سماعت روکتے ہوئے جیل حکام کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو کو عدالت میں پیش کریں جس کے بعد میر خالد لانگو کو ایمبولینس گاڑی میں ویل چیئر پر بٹھا کر عدالت کے احاطے لایا گیا تو میر خالد لانگو کے وکیل بیرسٹر عامر لہڑی نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے موکل کمرہ عدالت میں نہیں آسکتے،انہیں ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف ہے وہ سیڑھیاں نہیں چڑھ سکتے جس پر عدالت کے جج نے اپنے ریڈر کو حکم دیا کہ وہ جا کر ایمبولینس میں میر خالد لانگو کو دیکھیں اور انہیں ریفرنس کی کاپی حوالے کرکے دستخط لیں جس پر کورٹ کے ریڈر نے عدالتی احکامات پر عملد رآمد کرتے ہوئے ریفرنس کی کاپی میر خالد لانگو کے حوالے کی اور ان سے دستخط لئے اس سے قبل ریفرنس کی کاپیاں دیگر گرفتار ملزمان سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی اور ٹھیکیدار سہیل مجید کے بھی حوالے کی گئیں ۔

سماعت کے دوران عدالت کے جج نے مقدمہ میں نامزد لوکل گورنمنٹ کے سابق سیکرٹریز حافظ عبدالباسط ، فیصل جمال اور میر خالد لانگو کے فرنٹ مین نوراللہ کی گرفتاری سے متعلق استفسار کیا تو عدالت کو بتایا گیا کہ اس سلسلے میں متعلقہ ڈی پی اوز کو نہ صرف وارنٹ بھجوادیئے گئے ہیں بلکہ ان کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار کاروائی کا سلسلہ بھی جاری ہے جس پر عدالت نے ہدایت کی کہ مذکورہ ملزمان کو گرفتار کرکے اگلی سماعت پر عدالت میں پیش کیا جائے ، بعد ازاں کیس کی سماعت کو 6 مارچ کے لئے ملتوی کردیا گیا ۔ آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم بھی عائد کردیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :