تاریخ گواہ ہے بھارت نے یہاں ہمیشہ سماجی، مذہبی اور صحافتی اداروں کو نشانہ بنایا ‘حریت رہنماء

کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے ساتھ ساتھ مختلف اِداروں کو نقصان پہنچایا جارہا ہے جس کا مقصداہل کشمیر کو تقسیم کرنا ہے

پیر 27 فروری 2017 14:58

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنمائوں کہا ہے کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ بھارت نے یہاں ہمیشہ سماجی، مذہبی اور صحافتی اداروں کو نشانہ بنایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار حریت رہنمائوں محمد مصدق عادل، زمرودہ حبیب، شبیر احمد ڈار اور بلال صدیقی نے مقبوضہ کشمیر میں ذرائع ابلاغ، مدارس اور مساجد پر کنٹرول حاصل کرنے کے حوالے سے بھارتی وزارت داخلہ کی حالیہ رپورٹ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ بھارتی وزارت داخلہ کی رپورٹ کشمیریوں کے لیے کوئی نئی بات نہیں کیونکہ یہاں ہمیشہ سماجی ، مذہبی اور صحافتی اِداروں کو نشانہ بنایا گیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد مصدق عادل نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے حال ہی میں جاری کی گئی ایک رپورٹ میںکہا ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے ساتھ ساتھ مختلف اِداروں کو نقصان پہنچایا جارہا ہے جس کا مقصداہل کشمیر کو تقسیم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ ہٹ دھرمی ترک کرکے تنازعہ کشمیرکو حل کرانے کے لیے مذاکرات کی میز پر آئے جو امن و آشتی کے قیام کے لیے واحد راستہ ہے۔ زمرودہ حبیب نے ایک بیان میںکہا کہ اعتدال پسند اورشدت پسندی کے نام پر آزادی پسندوں کو تقسیم نہیں کیاجاسکتا اور نہ مساجد،مدارس اور میڈیا پر کنٹرول حاصل کرنے سے تحریک آزاد ی کشمیر کو دبایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے بھارت پر زوردیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے حقیقت پسندانہ رویہ اختیار کرے ۔ حریت رہنما شبیر احمد ڈار نے کہا کہ یہ کوشش بھارتی جمہوریت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو اس طرح کے ہتھکنڈوں سے توڑنے کی امید رکھنا عبث ہے بلکہ ایسے اقدامات سے تحریک آزادی مزید مضبوط ہوگی۔

انہوں نے حریت رہنما غلام نبی وارکی بلاجواز گرفتاری کو انتقامی کاروائی قرار دیتے ہوئے اسکی شدید مذمت کی ہے۔ حریت رہنما بلال صدیقی نے کہا کہ بھارتی حکمران مسئلہ کشمیر حل کرنے کے بجائے طاقت کے نشے میں چور ضد اورہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام دھونس اور دبائو سے جھکنے والے نہیںاور وہ اپنی جدوجہد ہرقیمت پر جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :