کوچز کی اپ گریڈیشن کرنے کا فیصلہ، مسافروں کی تعداد میں ڈیڑھ کروڑ کا اضافہ ہوا ہے ،پاکستان ریلویز

پیر 27 فروری 2017 14:28

کوچز کی اپ گریڈیشن کرنے کا فیصلہ، مسافروں کی تعداد میں ڈیڑھ کروڑ کا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2017ء) پاکستان ریلویز نے کوچز کی اپ گریڈیشن کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مسافروں کو سفر کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ ریلوے حکام کے مطابق پاکستان ریلوے کے مسافروں کی تعداد میں ڈیڑھ کروڑ کا اضافہ ہوا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب ٹریکس کی اپ گریڈیشن کے بعد لاہور سے راولپنڈی کے درمیان سفر صرف اڑھائی گھنٹے میں طے کیا جائے گا اور ٹرینیں کراچی سے لاہور 10 سے 12 گھنٹوں میں پہنچا کریں گی اور پھر کروڑوں پاکستانیوں کی سفر کے لئے پہلی ترجیح پاکستان ریلوے ہی ہو گی۔

لاہور کینٹ ریلوے اسٹیشن پر ریلوے کوچز کی اپ گریڈیشن کے ایک بڑے منصوبے پرکام جاری ہے۔ ٹرینوں میں اناونسمنٹ سسٹم کو مکمل طور پر فعال کیا جا رہا ہے جس کے تحت ہر شہر کی آمد اس کے نام اور وہاں سٹاپ کرنے کی مدت کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا اور تمام کوچز میں مقامی اوقات کے مطابق اذان کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق کی ہدایات کی روشنی میں اکانومی، اے سی، سلیپر اور بزنس کلاس کی مختلف بوگیوں کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے۔

ریلوے کی کسی بھی بوگی میں سب سٹینڈرڈ مٹیریل استعمال کرنے کی اجا زت نہیں دی جائے گی اور بین الاقوامی معیار کے اداروں سے کھلے مقابلے کے بعد بہترین سامان خرید کر بوگیوں میں لگایا جارھا ہے۔ مختلف بوگیوں میں کھڑکیوں کے سائز کو بھی بڑھایا جا رہا ہے اور ایسا شیشہ استعمال کیا جا رہا ہے جس میں مسافر باآسانی باہر دیکھ سکیں مگر ٹرین کے اندر دیکھنا ممکن نہ ہو تاکہ وہ سفر کو بہترین طریقے سے انجوائے کرسکیں۔

مختلف بوگیوں میں لگے ہوئی ایل سی ڈیز کو بھی ٹھیک کیا جا رہا ہے اور ان کی تزئین وآرائش کا کام بھی کیا جا رہا ہے جبکہ بعض ریل گاڑیوں میں وائی فائی کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ دریں اثناء ریل گاڑیوں کی سیکورٹی کے نظام کو بھی مزید بہتر بنایا گیا ہے اور ریل گاڑیوں میں پولیس کی نفری کے ساتھ کمانڈوز کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :