انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کا ایم کیوایم کے راہنماﺅں فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی اور عامر لیاقت کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا حکم

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 27 فروری 2017 13:30

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کا ایم کیوایم کے راہنماﺅں فاروق ستار، ..
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27 فروری۔2017ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے راہنما ڈاکٹر فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی اور عامر لیاقت کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا حکم دے دیا ہے۔ گذشتہ برس 22 اگست کو متحدہ قومی موومنٹ کے بانی الطاف حسین کی جانب سے پاکستان مخالف تقریر اور میڈیا ہاوس پر حملوں میں سہولت کاری پر فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی اور عامر لیاقت حسین سمیت دیگر پر کراچی کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

ملزمان متعدد مرتبہ پیشیوں کے باوجود بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے، جس کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ان ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر رکھے ہیں۔ کیس کی سماعت کے دوران انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تفتیشی افسر کی رپورٹ پر فاروق ستار، عامر لیاقت حسین اور خالد مقبول صدیقی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ پولیس اس حکم نامے پر عملدرآمد کروائے۔دوسری جانب عدالت نے پولیس کو ملزمان کو 15 دن میں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 13 مارچ تک ملتوی کردی۔