تاندلیانوالہ : انجمن تاجران کی ہڑتال ختم کرانے کے لیے حکمران جماعت مسلم لیگ نون کے رکن پنجاب اسمبلی جعفر علی کے گن مین کی فائرنگ سے 12 افراد زخمی ہوگئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 27 فروری 2017 13:05

تاندلیانوالہ : انجمن تاجران کی ہڑتال ختم کرانے کے لیے حکمران جماعت ..
تاندلیانوالہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27 فروری۔2017ء) ضلع فیصل آباد کی تحصیل تاندلیانوالہ میں انجمن تاجران کی ہڑتال ختم کرانے کے لیے حکمران جماعت مسلم لیگ نون کے رکن پنجاب اسمبلی جعفر علی کے گن مین کی فائرنگ سے 12 افراد زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے -احتجاج کرنے والے تاجروں پر فائرنگ کے خلاف مظاہرین نے اوکاڑہ اور فیصل آباد روڈ ٹائر جلا کر بلاک کر دی اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

تاندلیانوالہ میں انجمن تاجران کی جانب سے لیگی ایم پی اے جعفر علی کے بھائی شیر علی کے رویہ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جا رہی تھی۔ریلی کے شرکا جب حیدر چوک پہنچے تو لیگی ایم پی اے جعفر علی کے بھائی شیر علی اور بلدیہ چیئرمین سعید کے ساتھیوں اور گن مین نے ریلی کو زبردستی روکنے کی کوشش کی جس پر ہاتھا پائی ہو گئی۔

(جاری ہے)

اسی دوران شیر علی اور بلدیہ چیئرمین سعید کے گن مین نے مظاہرین پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی جس کی زد میں آکر 12 مظاہرین زخمی ہو گئے۔

گن مین اس کے بعد بھی فائرنگ کرتا رہا ، فائرنگ سے زخمی ہونے والے 12 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ، 2 زخمیوں کو تشویشناک حالت میں فیصل آباد ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔ واقعہ کے خلاف تاجروں نے فیصل ا?باد اور اوکاڑہ روڈ ٹائر جلا کر بلاک کر دی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کر دیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

رکن پنجاب اسمبلی جعفر علی کا موقف ہے کہ انہوں نے زندگی میں کبھی گن مین نہیں رکھا ان پر الزام لگا کر سیاسی معاملہ بنایا جا رہا ہے ، میری درخواست ہے کہ اس معاملے کی شفاف انکوائری کروائی جائے ، ایم این اے رجب علی نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین کے رویئے کے خلاف تاجروں نے ہڑتال کی تھی ، چیئرمین نے زبردستی دکانیں کھلوانے کی کوشش کی تو اس پر جھگڑا ہوگیا۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے اس واقعے کے حوالے سے کہا ہے کہ تمام واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس میں جو بھی ملوث ہوا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔