پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں کو ڈینگی فری بنانے کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا

پیر 27 فروری 2017 13:10

پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں کو ڈینگی فری بنانے کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کر ..
فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر فیصل۱ٓباد سلمان غنی کی ہدایات پر ضلع میں پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں میں ڈینگی مکائو آگہی مہم زوروشور سے جاری ہے اس سلسلے میں سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی زیر نگرانی جنرل بس سٹینڈ کو ’’ڈینگی فری‘‘بنانے کیلئے صفائی ستھرائی اور انسداد ڈینگی بینرز آویزاں کئے جا رہے ہیں ۔

سیکرٹری ڈی آر ٹی اے نے ٹرانسپورٹ مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ جنرل بس سٹینڈ کی حدود میں واقع دکانوں، ورکشاپس اور بس بیز میں موجود پرانے اور استعمال شدہ ٹائرز فوری تلف کرائیں جبکہ بسوں وویگنوں کی صفائی ستھرائی اڈا کی حدود سے باہر کی جائے تاکہ صفائی کا نظام بہتر ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹرانسپورٹ مالکان سے کہا کہ وہ شیڈز کے پیچھے پٹرول پمپس کے لئے مختص کی گئی کچی جگہ پر کوئی بس پارک نہ ہونے دیں اور کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

انہوں نے بتایا کہ جنرل بس سٹینڈ میں پٹرول پمپ کی جگہ پر قائم ریڑھیاں،چارپائی ہوٹل ودیگر دکانیں ہٹا کر تجاوزات سے پاک کردیا جائے گا جبکہ جنرل بس سٹینڈ کے کرایہ دار کو مناسب جگہ دی جائے گی۔ سیکرٹری آر ٹی اے نے واضح کیا کہ جنرل بس سٹینڈ سے ٹرانسپورٹ کی روانگی کے وقت ان کے پاس روٹ پرمٹ و فٹنس سر ٹیفکیٹ موجود ہو ۔انہوں نے ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے مالکان و منیجرز کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی اخراجات پر سیکورٹی گارڈتعینات کریں جو بمعہ میٹل ڈیٹیکٹر اور لائسنس یافتہ اسلحہ رکھتا ہو۔

انہوں نے ایڈمنسٹریٹر جنرل بس سٹینڈ کوہدایت کی کہ وہ لائوڈ اسپیکرز کا انتظام کریں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں اعلانات کرائے جاسکیں جبکہ بس روانگی کے وقت ہر گاڑی کا دروازہ بند ہونا چاہیے اور احتیاطی وحفاظتی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :