فوجی عدالتوں میں توسیع کے بل پر غور کے لئے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس کل ہوگا

پیر 27 فروری 2017 12:28

فوجی عدالتوں میں توسیع کے بل پر غور کے لئے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 فروری2017ء) فوجی عدالتوں میں توسیع کے بل پر غور کے لئے دونوں ایوانوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس کل (منگل کو ) پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، تما م 20چھوٹی بڑی پارلیمانی جماعتوں کے رہنما شریک ہونگے، وفاقی وزیر قانون و انصاف زاہد حامد نے پارلیمانی جماعتوں کو فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے نئے مجوزہ آئینی ترمیمی بل ای میلز کے ذریعے بھیج دیا ،حکومت کی طرف سے اپوزیشن کی بڑی جماعت کی اے پی سی میں شرکت کا عندیہ دے دیا گیا‘ اجلاس میں متفقہ مسودے کے معاملے پر پیشرفت کے امکان ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی اے پی سی کے سلسلے میں رابطوں سے آگاہ کرے گی۔ اپوزیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کیونکہ فوجی عدالتوں میں توسیع پر تمام سیاسی و جمہوری قوتوں میں اتفاق رائے ہوگیا ہے اس لئے پیپلز پارٹی اس معاملے کا کریڈٹ لینا چاہتی ہے ۔

(جاری ہے)

پارلیمانی مشاورتی اجلاس کیلئے پیپلزپارٹی،تحریک انصاف،ایم کیو ایم،جمعیت علماء اسلام (ف)،جماعت اسلامی،عوامی نیشنل پارٹی،مسلم لیگ فنکشنل،پختونخوا ملی عوامی ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے دونوں دھڑوں،مسلم لیگ ق،نیشنل پارٹی،عوامی مسلم لیگ،فاٹا،قومی وطن پارٹی،مسلم لیگ ضیاء،آل پاکستان مسلم لیگ دیگر پارلیمانی جماعتوں کو مدعو کیا گیا ۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس اجلاس میں ترمیمی بل کے مسودے پر پیشرفت متوقع ہے جس کا اعلان اپوزیشن کی بڑی جماعت پاکستان پیپلزپارٹی چار مارچ کو آل پارٹیز کانفرنس میں کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔ذرائع کے نے دعویٰ کیا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس کے معاملے پر دونوں بڑی جماعتوں کے اہم رہنمائوں کے بلواسطہ رابطے ہوئے ہیں،حکومت کی طرف سے پیپلزپارٹی کی اے پی سی میں شرکت کا عندیہ دے دیا گیا ہے۔