پانامہ لیکس کیس میں نواز شریف کو مجرم مان چکی ہے ۔ سابق صدر پرویز مشرف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 27 فروری 2017 12:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 فروری 2017ء) : نجی ٹی وی چینل پر پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ پانامہ کیس کا فیصلہ آنے والا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کیس میں فریقین کے دلائل مکمل ہو چکے ہیں۔جس کے بعد یہ بات اب سپریم کورٹ پر ہے کہ وہ پانامہ لیکس کیس کا فیصلہ کب سنائے گی ۔ جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ جلد ہی پانامہ کیس کا فیصلہ آ جائے گا کیونکہ اس کیس نے پورے ملک کو ایک شش و پنج میں ڈالا ہوا ہے۔

ہر طرف ایک ہی بحث چھڑی ہوئی ہے۔ اس کیس میں سپریم کورٹ کے ساتھ ساتھ عوام کی عدالت بہت اہمیت کی حامل ہے۔الیکٹرانک میڈیا اور پرنٹ میڈیا کے بعد اب سوشل میڈیا بالخصوص ٹویٹر کا بول بالا ہے ۔ہر شہری اپنے خیالات کا اظہار کر ررہا ہے ۔

(جاری ہے)

اور عوام کی نظروں میں شریف خاندان سزا یافتہ اور مجرم ہیں۔ اور اس میں کسی کو کوئی شک ہونا بھی نہیں چاہئیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پانامہ کیس میں فیصلہانصاف کے تقاضوں کے مطابق نہ آیا تو اس کا عوام پر بہت برا اثر پڑے گا۔ مجھے یقین ہے کہ اس کیس میں عدلیہ انصاف کرے گی اورعوام سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول کرے گی۔ یہ بات بہت اہمیت کی حامل ہے کہ جو بھی فیصلہ ہو اس میں عوام کو نظر آنا چاہئیے کہ انصاف کے تقاضے پورے کیے گئے ہیں۔ سابق صدر نے کہا کہ اگر فیصلہ مسلم لیگ ن کے خلاف آیا تو یہ سڑکوں پر آکر شور شرابہ اور توڑ پھوڑ شروع کر دیں گے ۔

دیکھنا یہ ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ کس نوعیت کا ہے؟ کیونکہ فیصلہ خلاف آنے پر مسلم لیگ ن کو نیا وزیر اعظم کھڑا کرنا ہو گا اور نئے وزیر اعظم کو اسمبلی کا اعتماد حاصل کرنا ہو گا۔ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ حکومت کا نظام بہتر ہو تاکہ ملک ترقی کرے۔سابق صدر نے مزید کیا کہا آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: