کوہاٹ ،جنگل خیل میں سرچ آپریشن کے دوران دس افغان باشندوں سمیت پچاس مشتبہ افراد گرفتار

اتوار 26 فروری 2017 22:11

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2017ء) کوہاٹ کے علاقے جنگل خیل میں سرچ آپریشن کے دوران دس افغان باشندوں سمیت پچاس مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔زیر حراست افراد میں مطلوب اشتہاری اور سہولت کار بھی شامل ہیں ۔آپریشن میں گرفتار افراد سے بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق دہشتگردی کی حالیہ لہر کے بعد کوہاٹ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرکے مشتبہ دہشتگردوں اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کردی گئی ہے اور اس حوالے سے ایس پی آپریشنز کوہاٹ طارق محمود کی خصوصی ہدایت پر پولیس نے شہر بھر میں سخت ناکہ بندی کرتے ہوئے حساس اداروں کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر تین دنوں کے دوران شہر اور مضافات کے مختلف علاقوں میں بیس سے زیادہ مقا مات پر سرچ آپریشنز کا انعقادکیا ہے۔

(جاری ہے)

سرچ آپریشن کے اس سلسلے میںاتوار کے روزپولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری نے ایس ایچ او تھانہ جنگل سب انسپکٹر قسمت خان کی سربراہی میںگائوں جنگل خیل اورمواضعات کے علاقوں ملنگ آباد،شیری ویلہ اور سپرنگ ویلی میں ٹارگٹڈ گھروں کی تلاشی کے دوران دس افغان باشندوں سمیت پچاس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے ۔آپریشنل ٹیم نے کارروائی کے دوران ایک اشتہاری مجرم صاحب خان کے علاوہ سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان کو پناہ دینے کے الزام میں ملنگ آباد اور محلہ ایس پی سکندر خان کے علاقوں سے دو سہولت کاروں شاہ اقبال اور یوسف خان کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔

سرچ آپریشن کی اس کارروائی میں پولیس کو گرفتار افراد کے قبضے سے بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ بھی ملا ہے جن میں دو کلوشنکوف،دو ریپیٹرز،دو رائفل،چار پستول ،سات چارجرز اور مختلف بور کے درجنوں شامل ہیں۔ایس پی آپریشنز کوہاٹ طارق محمود نے پولیس کی آپریشنل کاروائیوں کے حوالے سے بتایا ہے دہشتگردی کی حالیہ لہر کے بعد ضلع بھر میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے اور پولیس کو شہر میںکسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع پرفوری کاروائی کیلئے ہمپہ وقت تیار رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ گھر گھر تلاشی آپریشن کی کاروائیوں میں پولیس کو کافی حد تک کامیابیاں بھی ملی ہیں اور ضلع بھر کو ناجائز ہتھیاروں سے پاک کرنے کے مطلوبہ اہداف بھی حاصل ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ سرچ آپریشن میں ایلیٹ فورس،بم ڈسپوزل سکواڈ،خواتین پولیس اور حساس اداروں کے اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں جبکہ سیکورٹی کے لحاظ سے حساس علاقوں میں آپریشن کے دوران پولیس کو پاک فوج کی مدد بھی حاصل رہتی ہے۔