مردان، گھی کی ڈبوں میں چھپایا گیا بارودی مواد ناکارہ بنا دیا گیا

اتوار 26 فروری 2017 22:11

مردان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2017ء) مردان کے نواحی علاقہ دبئی اڈہ میںتخریب کاری کابڑامنصوبہ ناکا م بنادیاگیا، نامعلوم دہشت گردوں نے لڑکوں کے سرکاری سکول کو بموں سے اڑانے کے لئے گھی کے ڈبوں میں بارودی مواد نصب کررکھا تھا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے تھانہ چورہ کے علاقہ دبئی اڈہ میں واقع گورنمنٹ ہائی سکول مالہ ڈھیری کے قریب گھی کے ڈبوں میں بارودی مواد چھپایا گیا تھا تاہم مقامی افراد نے شک پڑنے پر بروقت پولیس کو اطلاع کردی جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی اور بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کیا گیا ، بم ڈسپوزل یونٹ نے دونوں ڈبوں میں چھپائے گئے بارودی مواد کو ناکارہ بنادیا،پولیس نے نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی دریں اثناء علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ اپریشن شروع کردیا گیا ہے ۔