نرسنگ فیڈریشن کا صوبائی حکومت سے سروس سٹرکچر دینے کا مطالبہ

اتوار 26 فروری 2017 22:11

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2017ء)خیبرپختونخوا نرسنگ فیڈریشن (کے این ایف) نے صوبائی حکومت سے صوبہ بھر کی نرسوں کیلئے سروس سٹرکچر اور سروس رولز بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مطالبات فوری طور پر تسلیم نہ کیے گئے تو بہت جلد آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ فیڈریشن کا اجلاس اتوار کے روز منعقد ہوا جس کی صدارت فیڈریشن کے صدرعنایت الحق اور جنرل سیکرٹری انورسلطانہ نے کی۔

اجلاس میں صو بے کے تمام اضلاع سے فیڈریشن کے ڈسٹرکٹ صدور اور جنرل سیکرٹریز، نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں سروس سٹرکچر، سروس رولز، کمپینسیٹری الائونس اور رسک الائونس نہ ہونے سمیت دیگر مسائل پر تفصیلی بحث کی گئی اور اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ وعدوں کے باوجود صوبائی حکومت نے ابھی تک نرسز کاکوئی مطالبہ پورا نہیں کیاجس کی وجہ سے ان میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری انورسلطانہ کا کہنا تھا کہ میڈیکل کے شعبے میں نرسوں کیساتھ ہمیشہ ناانصافی برتی گئی ہے،پنجاب اور سندھ میں نرسز کو رسک الائونس دیا جاتا ہے لیکن خیبرپختونخوا میں تاحال وہ اس الائونس سے محروم ہیں، شرکاء نے وزیراعلی خیبرپختونخوا اورصوبائی وزیرصحت سے اپیل کی کہ نرسز کے مطالبات تسلیم کیے جائیں ۔