سندھ کے غریب اور پسماندہ علاقوں کی عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ، گورنر سندھ

غریب عوام کی شکایتوں کے اذالے کیلئے گورنر ہائوس میں ایک کمپلنٹ سیل قائم کیا جارہا ہے جہاں پر 24گھنٹے عملہ غریب عوام کی شکایات نوٹ کرے گا

اتوار 26 فروری 2017 21:40

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے سندھ کے غریب اور پسماندہ علاقوں کی عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں سندھ کی غریب عوام کو صحت ،تعلیم اور دیگر سہولیات فراہم کرنا ہمارا فرض ہے ،غریب عوام کی شکایتوں کے اذالے کے لئے گورنر ہائوس میں ایک کمپلنٹ سیل قائم کیا جارہا ہے جہاں پر 24گھنٹے عملہ غریب عوام کی شکایات نوٹ کرے گا ،وہ گورنر ہائوس کراچی میں پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ میرپورخاص ڈویژن کے صدر ملک عبد لغفار اور دیگر پر مشتمل ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ،گورنر سندھ محمد زبیر نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے سندھ کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے کئی منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں ،اس موقع پر ڈویژنل صدر ملک عبد الغفار نے کہا کہ میرپورخاص کی عوام سخت اذیت ناک زندگی گزار رہی ہے سندھ کا چوتھا بڑا شہر اس وقت حکمرانوں کی عدم توجہی کی وجہ سے کھنڈرات کا نمونہ پیش کر رہا ہے نکاسی اور فراہمی آب کا نظام مکمل طور پر تباہ ہے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں سرکاری اسپتالوں میں غریبوں کی کوئی داد رسی نہیں ہو رہی ہے، دس سال قبل میرپورخاص سے کراچی اور حیدرآباد کے درمیان چلنے والی تمام ٹرینیں بند کردی گئی تھیں جو کہ اب تک بحال نہیں ہوئی ہیں اور یہاں کی عوام سے سفر کی سستی اور آرام دہ سہولت بھی چھین لی گئی ہے جسکی وجہ میرپورخاص کی عوام بھیڑ بکریوں کی طرح پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کر رہے ہیں ،وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے آپکی صلاحیتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے آپکو گورنر سندھ نامزد کیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ آپ سندھ کے غریب اور مایوسیوں میں مبتلا عوام کے دکھوں کا مداواکریں گے انہوں نے مطالبہ کیا کہ میرپورخاص میں ٹرینوں کی بحالی اور شہر کی ترقی کے لئے ایک میگا پروجیکٹ منظور کرایا جائے ،اس موقع پر یوتھ ونگ کے صوبائی صدر راجہ خلیق الزماں انصاری اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :