نیو مری میں پتریاٹہ چیئرلفٹ کا اپ گریڈیشن کے منصوبے کی تکمیل کے بعد باضابطہ افتتاح کر دیا گیا

اتوار 26 فروری 2017 21:21

لاہور۔26 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2017ء) پاکستان کے منفرد سیاحتی مقام نیو مری میں پتریاٹہ چیئرلفٹ کا اپ گریڈیشن کے منصوبے کی تکمیل کے بعد باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔پنجاب کے وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور اوروفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے پتریاٹہ چیئرلفٹ کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر ایم ڈی پنجاب ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن احمر ملک , اے سی مری عارف اللہ اعوان , جی ایم آپریشن آپریشن منیجر اسجد غنی , پتریاٹہ مری ریجن کے منیجر محسن فضل , منیجر چیئر لفٹ پراجیکٹ اکرم ربانی, پاکستان مسلم لیگ (ن) تحصیل مری کے صدر دفتر عباسی ,یونین کونسلوں کے چیئرمین , وائس چیئرمین , مسلم لیگی ورکرز اور شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

راجہ اشفاق سرور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے ․جس کے ثمرات دور دراز کے دیہی علاقوں میں بھی پہنچ رہے ہیں ․ انہوں نے کہا کہ عوامی خوشحالی اور قو می ترقی کے دشمن اپنی منفی سیاست سے پاکستان کے معاشی استحکام کو خطرے میں ڈالنا چاہتے ہیں اور دہشت گردی کی کارروائیوں سے ترقی کا سفر روکنا چاہتے ہیں ․ راجہ اشفاق سرور نے اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ان خصوصی اقدامات کا ذکر کیا جن سے پنجاب کے دیہی و پسماندہ علاقوں کو ترقی دے کر ترقی یافتہ علاقوں کو ہم پلہ لایا جا رہا ہے ․ انہو ںنے کہا کہ تحصیل مری و کوٹلی ستیاں میں لینڈ سلائیڈز اور برفباری سے متاثرہ افراد کی بحالی اور سڑکو ںکی تعمیر و مرمت کا کام جاری ہے اور اس سلسلے میں محکمہ شاہرات اور دیگر متعلقہ محکموں کا عملہ تندہی سے مصروف عمل ہے ․ انہوں نے کہا کہ پتریاٹہ کے مقام پر تفریحی سہولیات میں اضافے سے موسم گرما کے دوران ملک بھر سے یہاں آنے والے لاکھوں کی تعداد میں سیاح مستفید ہوں گے او راس سے مقامی سطح پر روزگار اور کاروبار کے مواقع اور سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت عام آدمی کے معیار زندگی بلند کرنے اور اقتصادی ترقی کے لیے کوشاں ہے اور ملک میں سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط اور استوار کیا جا رہا ہے ․ انہو ں نے کہا کہ منفی سیاست کرنے والوں کے دن گنے جا چکے ہیں اور عوام کسی جھانسے میں ہر گز نہیں آئیں گے ․ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مری میں بنیادی سہولیات میں اضافے اور سیاحتی سہولتو ںکی بہتری کے لیئے خطیر فنڈز فراہم کیے گئے ہیں اور وزیر اعظم محمد نواز شریف کی طرف سے مری میں نئی سڑکو ںکی تعمیر کا اعلان کیا گیا تھا اس پر عملدرآمد کے لیئے کوششیں جاری ہیں۔

ایم ڈی پنجاب ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن احمر ملک نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 10 کروڑ روپے کی لاگت سے پتریاٹہ چیئرلفٹ کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کیا گیا ہے انہو ںنے کہا کہ سیاحوں کی سہولت اور انہیں سیاحت سے لطف انداز ہونے کے لیئے پتریاٹہ چیئر لفٹ کی کیبل کار کی کیبلز تبدیل کر کے نئی کیبلز کی تنصیب کی گئی ہے ․ انہو ںنے کہا کہ نئے کیبنز کی تنصیب اور ان میں آرم دہ سہولیات کی فراہمی سے اب سیاح نہایت آرام دہ اور پرآسائش چیئرلفٹ اور کیبل کار رائیڈ سے لطف اندوز ہو سکیں گے ․راجہ اشفاق سرور نے کم از کم لاگت اور مدت میں پتریاٹہ چیئرلفٹ کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ مکمل کرنے پر چیئر لفٹ انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :