جنوبی پنجاب کے مسائل کے حل کیلئے وزیر اعلی پنجاب ہمہ وقت کوشاں ہے ،کاشف نواز رندھاوا

اتوار 26 فروری 2017 20:51

فیصل آباد۔26 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2017ء) صوبائی جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ ( ن ) یوتھ ونگ پنجاب چوہدری کاشف نواز رندھاوانے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے مسائل کے حل اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے وزیر اعلی پنجاب خصوصی طور پر ہمہ وقت کوشاں ہے ۔آئند رواں مالی سال کے دوران جنوبی پنجاب کے لئے خطیر فندز مختص کئے جائیں گے تاکہ جنوبی پنجاب سے تمام محرومیوں کا خاتمہ ہو سکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ( ن ) یوتھ ونگ بہاولنگر ‘ رحیم یار خاں اور خان پور کے عہدیداروں کے وفود سے اپنے دفتر میں الگ الگ ملاقات کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں تعلیم کی وسیع سہولتوں کی فراہمی کے لئے ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کے تحت نئے سکولوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

جن سکولوں میں اضافی کمرے تعمیر کئے جا رہے ہیں وہاں عدم دستیاب سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔اضافی کمروں کی تعمیر سے بچوں اور بچیوں کو بہتر تعلیمی سہولتیں میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 17 ہزار سکولوں میںسولر پینلز لگانے کے کام کو جلد سے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ صوبائی حکومت نے جنوبی پنجاب کے اضلاع کی چھٹی سے دسویں جماعت تک کی طالبات کیلئے ماہانہ وظیفہ ایک ہزار روپے کر دیا ہے اور اس پروگرام کیلئے 5 ارب روپے سے زائد رقم رکھی گئی ہے۔

اس موقع پر جنوبی پنجاب کے عہدیداروں کے وفود نے بتایا کہ وہ پارٹی کو جنوبی پنجاب میں زیادہ سے زیادہ متحرک کرکے لئے اپنے فرائض احسن انداز میں ادا کر رہے ہیں انشاالله تعالی آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ( ن ) جنوبی پنجاب سے کلین سویپ کرے گی ۔ انہوں نے وزیر مملکت پانی و بجلی و صدر یوتھ ونگ پنجاب چوہدری عابد شیر علی اور جنرل سیکرٹری چوہدری کاشف نواز رندھاوا کی یوتھ کو مضبوط بنانے سمیت کارکنوں کے مسائل حل کرانے پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :