حلقہ پی پی 69 کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ، میاں طاہر جمیل

اتوار 26 فروری 2017 20:50

فیصل آباد ۔26 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2017ء) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے سیاحت میاں طاہر جمیل نے کہا ہے کہ حلقہ پی پی 69 کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔ 2018 ء سے قبل حلقہ کی تمام تعمیر و ترقی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا ۔ فراہمی و نکاسی آب سمیت دیگر ترقیاتی کاموں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔

احمد آباد سے گزرنے نالے پر چھت ڈالنے کے کام کا آغاز آئندہ رواں مالی سال کے بعد شروع جولائی یا اگست میں شروع کر دیا جائے گا۔ حلقہ کے میگاپراجیکٹس کے لئے وزیر ا علی پنجاب محمد شہباز شریف سے خصوصی فنڈز بھی حاصل کئے جائیں گے ۔ حلقہ کے سکولوں کی حالت بہتر بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ سولنگ ‘ سڑکوں کی تعمیر و مرمت ‘ پارکوں کو حالت بہتر بنانے کے لئے اولین ترجیح دی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

تمام مسائل کا حل حلقہ معززین کی مشاورت سے کیا جارہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی پی 69 احمد آباد کے گندے نالے کی تعمیر اور دیگر مسائل کے حل کے لئے علاقہ معززین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے احمد آباد سے گزرنے والے نالے سمیت دیگر مسائل کا جائزہ لیا جنہیں فوری حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ میرا مشن عوام اور حلقہ کی خدمت اور حلقہ کی اپ گریڈیشن ہے اس سلسلے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھوں گا ۔ انہوں نے جن علاقوں میں سوئی گیس اور فراہمی و نکاسی آب کی سہولیات نہیں ہے انہیں جلد ہی یہ سہولیات فراہم کر دی جائیں گی۔