آر پی او کی عوامی مقامات پر سکیورٹی اقدامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت

اتوار 26 فروری 2017 20:50

فیصل آباد ۔26 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2017ء) آر پی او فیصل آباد نے ریجن کے پولیس حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ عوامی مقامات کی سکیورٹی اقدامات کو بہتر کرکے فول پروف بنایاجائے ۔تفصیلا ت کے مطابق محمد بلال صدیق کمیانہ ریجنل پولیس آ فیسر فیصل آبادنے موجودہ ملکی صورت حال،حالیہ دہشت گردانہ کارروائیوں اور مذہبی انتہا پسندی کے پیش نظرسی پی اوفیصل آباد،ڈی پی اوز جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے علاقوں میں سکیورٹی کو مزید مستحکم کرنے کیلئے فوری اقدامات عمل میں لائیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اور شر پسند عناصر کی جانب سے ناخوشگوار اور غیر معمولی کارروائیوں کے خدشات موجود ہیں لہٰذا پولیس افسران اپنے علاقوں میں واقع عوامی مقامات مزاروں، درباروں، درگاہوں، مساجد ،گرجا گھروں اور دیگرتمام اقلیتی عبادت گاہوں،بس سٹینڈوں ، ریلوے سٹیشنوں،تفریحی مقامات ، تعلیمی اداروں، کالجوں ،یونیورسٹیوں، بالخصوص کیٹیگریAاورA+ کے حامل تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کیلئے فول پروف حفاظتی انتظامات کریں۔

(جاری ہے)

پولیس پٹرولنگ کے نظام کو موثر بنایا جائے۔تعلیمی اداروں کے سربراہان کو بائونڈری والز، خاردار تاریں اور CCTV کیمرے لگانے کا پابند کیا جائے۔ تربیت یافتہ سکیورٹی گارڈز اور معیاری اسلحہ کے استعمال کو یقینی بنایا جائے ۔ اہم تجارتی مراکز، صرافہ مارکیٹس کے گرد پولیس پٹرولنگ کو مزید سخت، ہوٹل، ریسٹورنٹس اور سرائوں میں سرچ آپریشن اور مشہور چوراہوں اور حساس مقامات کے قریب سنیپ چیکنگ کی جائے۔ مشکوک افراد کی بائیومیٹرک تصدیق عمل میں لائی جائے۔ ضلعی سربراہان اشتہاری مجرمان کی گرفتاری سے متعلق مہم اور جوئے کے اڈوں، منشیات فروشوں اور قبحہ خانوں کے خلاف اپریشنز کی خود نگرانی کریں اور ایسے موثر اور عملی اقدامات کریں۔