کے الیکٹرک اور نادرا نے عوام کے مسائل حل نہ کیے تو عوامی طاقت کا مظاہرہ کیاجائے گا،حافظ نعیم الرحمن

وفاقی اورصوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ جلد از جلد نادرا کے میگا سینٹر قائم کریں،سیوریج وکچرے کے مسائل کو ہنگامی بنیاد پر حل کیا جائے عوامی کچہری سے ملک محمد فیاض ، عبد الرشید ، سجاد دارا ،فضل الرحمن ، حبیب حسن اور دیگر کا خطاب

اتوار 26 فروری 2017 20:31

�راچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2017ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک اور نادرا نے کراچی کے عوام کی کمر توڑدی ہے ، اوور بلنگ ، اضافی لوڈ شیڈنگ ،بوگس بلنگ کے ذریعے عوام کو لوٹا جارہا ہے ، ایک سال سے کہا جارہا ہے کہ نادرا کے میگا سینٹر قائم کیے جائیں گے لیکن اب تک کوئی کاروائی نہیں ہوئی ، کے الیکٹرک اور نادرا نے عوام کے مسائل حل نہ کیے تو عوامی طاقت کا مظاہرہ کیاجائے گا،60,000بلدیاتی ملازمین نشتر پارک کے جلسے میں تو نظر آتے ہیں لیکن بلدیاتی مسائل حل کرنے کے لیے کیوں نظر نہیں آتے ۔

اب کھانے پینے کی سیاست نہیں چلے گی عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہوگا ،گزشتہ سال ہیٹ وے سے ہلاک ہونے والے شہریوں کی ذمہ دار کے الیکٹرک ہی ہے سپریم کورٹ کو انصاف دیناہوگا اور کے الیکٹرک کا فیصلہ کرنا ہوگا ،وفاقی اورصوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ جلد از جلد نادرا کے میگا سینٹر قائم کریں،اب شہر متحمل نہیں ہوسکتا کہ نفرتوں کی سیاست کی جائے ہمیں 30سال کی بند گلی کی سیاست سے نکلنا ہوگا اور عوام کو اس خرابی سے نکالنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتہ کی شب جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت بہارکالونی یوسی 109میںنادرا ، کے الیکٹرک اور بلدیاتی مسائل کے حوالے سے ’’عوامی کچہری‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کچہری سے چیئرمین ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ضلع جنوبی ملک محمد فیاض ،امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی عبد الرشید ، نائب امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی امین بلوچ ، سول انتظامیہ اور پولیس لیگل ایڈکمیٹی کے رہنما سجاد دارا، وائس چیئرمین کاشف امجد ، یوسی 6کے چیئرمین فضل الرحمن ، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما حبیب حسن ،امیر زون جماعت اسلامی اولڈ سٹی سید طاہر اکبر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر سابق یوسی ناظم جان محمد ،سابق ایم پی اے بابو غلام حسین بلوچ ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ادر پبلک ایڈ کمیٹی جنوبی ظہور احمد جدون ،محمد مجید بخاری ، کاشف شیخ اور دیگر بھی موجود تھے ۔کچہری میں لیاری کے مسائل پر مشتمل ڈاکومینٹری فلم بھی دکھائی گئی ۔علاقہ مکینوں کی جانب سے نادرا ، کے الیکٹرک اور بلدیاتی مسائل کے حوالے منتخب نمائندوں اور حافظ نعیم الرحمن کو آگاہ کیاگیا۔

جس میں عبد المجید ،محمد علی ، عبد الباسط،سماجی رہنما رئیس قادر ، شیخ عرفان احسان ، عبد الناصر شامل تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ میںجماعت اسلامی ضلع جنوبی کو کوآرڈینیشن کا مظاہرہ کرنے پر اور ایک خوبصورت تقریب سجانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ تنقید کرنا اورمسائل کو اجاگرکرنا کسی بھی سیاسی پارٹی کی ذمہ داری ہوا کرتی ہے ۔

جماعت اسلامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے امید ہے مسائل حل ہوں گے جس طرح کہ انہوں نے لیاری کے عوام کو چند مہینے میں مسائل کے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔انہوںنے کہا کہ گزشتہ6سال پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی حکومت رہی ہے انہوں نے ایک ساتھ مل کر کام کیا افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ مسیحیوں کے نام پر مسلمانوں کی بھرتیاں کی گئیں اور مسیحیوں کا حق مارا گیا۔

صوبائی حکومت کو چاہیئے کہ اس دفعہ میرٹ کی بنیاد پر بھرتیاں کی جائیںاور گزشتہ سال میں جتنی بھی بھرتیاں ہوئی ہیں ان کی اسکروٹنی ہونی چاہیے جس سے ایک بڑا مسئلہ حل ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اختیارات کی رونا رورہی ہے ۔سابق میئر کراچی نعمت اللہ خان کے پاس موجود ہ حکومت سے بھی بہت کم اختیارات تھے اس کے باوجود مثالی کام کیا جس کا آج تمام مخالف سیاسی پارٹیاںاعتراف کرتی ہیںاور یہاں لیاری کے عوام جانتے ہیں نعمت اللہ خان نے سب سے زیادہ دورے لیارے کے کیے اور سب کو ساتھ ملا کر کام کیا ۔

انہوں نے کہا کہ 178یونین کونسلیں تھیں نعمت اللہ خان نے سب کو برابر حق دیا ۔انہوں نے کہا کہ نعمت اللہ خان نے 12ارب روپے سے کا م کاآغازکیا اور 42ارب روپے تک کا م کیا اور مصطفی کمال نے 42ارب روپے کام کیا لیکن وہ کام کسی کو نظر نہیں آتا۔ اب کھانے پینے کی سیاست نہیں چلے گی عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہوگا ۔انہوںنے کہا کہ بہار کالونی تعلیم کا مرکز ہوا کرتا تھا ،بہار کالونی کے تاثر کو بدلنا ہوگا ،سب کو جوڑ کر سب کو ملا کرنا چلنا ہوگا کراچی سب کا کراچی ہے سب کر مل جل کر رہناہوگا، تب ہی سب کو حقوق مل سکیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے بدمعاشی مچائی ہوئی ہے کوئی پرسان حال نہیں ہے ، گزشتہ دنوں جماعت اسلامی کے الیکٹرک کے فروخت ہونے پر احتجاج کررہی تھی لیکن کسی نے سنوائی نہیں کی ۔وفاقی محتسب نے کے الیکٹرک کے خلاف ہزاروں کی تعداد میں فیصلے کیے لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہوتا، جماعت اسلامی ایک سال سے سپریم کورٹ میں کے الیکٹرک کے خلاف کراچی کے عوام کا مقدمہ لڑرہی ہے لیکن ابھی تک صرف ایک دفعہ کیس کی ہئیرنگ ہوئی ہے ۔

گزشتہ سالوں میں ہیٹ وے سے ہلاک ہونے والے شہریوں کی ذمہ دار کے الیکٹرک ہی ہے سپریم کورٹ کو انصاف دیناہوگا اور کے الیکٹرک کے فیصلہ کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کے حوالے سے ایک سال سے کہا جارہا ہے کہ میگا سینٹر قائم کیے جارہے ہیں لیکن اب تک کوئی میگا سینٹر قائم نہیں کیا گیا ،وفاقی اورصوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ جلد از جلد نادرا کے میگا سینٹر قائم کرے ۔

انہوں نے کہا کہ سیوریج کے مسائل کو ہنگامی بنیاد پر حل کرنا چاہیئے اور سب کو مل کر کام کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ تعصب ،نفرت اور لسانیت کی سیاست نے اس شہر کی شناخت بگاڑدی ہے ، اب شہر اس کا متحمل نہیں ہوسکتا کہ نفرتوں کی سیاست کی جائے ہمیں 30سال کی بند گلی کی سیاست سے آگے نکلنا ہوگا اور عوام کو اس خرابی سے نکالنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے جو تمام قوموں سے وابستہ افراد کو یکجا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔

اس شہر کی 3دفعہ جماعت اسلامی نے نمائندگی کی اور آج اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود بھی عوامی مسائل کے حل کی کوششیں کی جارہی ہیں بہارکالونی میں آئی کیمپ لگایا گیا جس سے ہزاروں لوگوں نے فری میڈیکل کروایا یہی جماعت اسلامی کا خاصہ ہے ۔عوام کو چاہیے کہ جو خدمت کرتے ہیں عوامی مسائل حل کرتے ہیں ان کا ساتھ دیں اور ان کے ہاتھ مضبوط کریں ۔عبد الرشید نے کہا کہ لیاری کے عوام بہت دکھ جھیل چکے اور اپنے پیاروں کی لاشوں کو کندھا دے دے کر تھک چکے ہیںبلدیاتی مسائل منتخب نمائندوں نے حل نہ کئے تو جماعت اسلامی ہر گلی محلے کی آواز بنے گی ،جماعت اسلامی لیاری سمیت ضلع جنوبی کی ہر بستی میں عوامی کچہری کا انعقاد کرے گی اورمنتخب نمائندوں کو عوام کی عدالت میں کھڑا کرے گی انہوں نے چئیرمین ڈی ایم سی ساؤتھ ملک فیاض کو یقین دلایا کہ وہ عوامی خدمت کا آغاز کریں جماعت اسلامی کی پبلک ایڈ کمیٹیاں عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کریںگی عوام اور منتخب نمائندوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گی۔

۔ملک محمد فیاض نے کہا کہ جماعت اسلامی لیاری کواس کھلی کچہری کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ آئندہ بھی عوامی مسائل کے حل کے لیے اس طرح کی کچہریاں منعقد کی جائیں گی اور عوام کے مسائل سنیں جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں بھی نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ نے اور جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں نے لیاری کیلئے ملکر مشترکہ جدوجہد کی اور اب بھی کرینگے۔

ملک فیاض نے عوامی کچہری میں اعلان کیا کہ جلد لیاری کے تمام بشمول بہار کالونی سیوریج پمپنگ اسٹیشن اپ گریڈ کردیئے جائیںگے ۔انہوں نے کہاکہ کے الیکٹرک سے سیوریج پمپ کو لوڈ شیڈنگ سے استثنی دلوانے کیلئے بجٹ مختص کیا جارہا ہے۔ بہارکالونی عیدگاہ پارک کو ماڈل پارک بنایا جائے گا، عبدالودود اشرف ڈسپنسری میٹرنٹی ہوم جلد بحال کردیا جائیگا انہوں نے مسجد روڈ بہارکالونی اور کچرا کنڈی کی پختگی اور تعمیر کا بھی اعلان کیا۔

ملک فیاض نے کہا کہ نادرا کے میگا مرکز کے قیام کیلیے نادرا ہیڈکوارٹر کو ککری گراؤنڈ جمنازیم ہال کی تجویز دی ہے اور جلد ہی نادرا وین بھی فراہم کی جائیگی ۔فضل الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی حلقہ بہارکالونی مبارکباد کی مستحق ہے کہ جنہوں نے ایک ایسی محفل سجائی کہ عوام اپنے منتخب عوامی نمائندوں کے سامنے مسائل بیان کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ لیاری میں گزشتہ 6سالوں سے سیوریج کی لائنوں میں صفائی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے لیاری کی گلیاں اور سڑکیں تباہ ہیں جس سے لیاری کے عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں ۔

انہو ں نے کہاکہ کے الیکٹرک نے کھلم کھلا بد معاشی مچائی ہوئی ہے اپنی مرضی کے مطابق ماہانہ بل بھیج دیے جاتے ہیں ، لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کیا جارہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ میں موجودہ منتخب چیئرمین سے اپیل کرتاہوں کہ کے الیکٹرک اور نادرا کے مسائل کو ایڈریس کریں ۔حبیب حسن نے کہا کہ ہم نے نعمت اللہ خان کے دور میں جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر بڑے ترقیاتی کام کیے ہیں اور آئندہ بھی مسائل حل کریں گے ۔ہم ترجیحی بنیادپر مسائل کو حل کررہے ہیں جس میں سب سے پہلے واٹر بورڈ کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ لیاری میں کے ایم سی اسکولوں کی تعلیم میٹرک تک کی جارہی ہے اور کچرے کے حوالے سے DMCسے معاہدہ کیا گیا ہے ان شاء اللہ ہر گلی میں کچرے کا ڈبہ رکھا جائے گا ۔