روٹری کلب سی ویو کے تحت25جوڑوں کی اجتماعی شادی کا انعقاد

مسلم ،ہندو اور کرسچن جوڑوں کو جہیز بھی دیا گیا ،منفرد تقریب کو لوگوں میں پذیرائی ملی

اتوار 26 فروری 2017 20:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2017ء) روٹری کلب کراچی سی ویو کی جانب سے 25 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی پہلی پروقار تقریب ڈریم ورلڈ میں منعقد ہوئی جس میں رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی ،اسسٹنٹ کمشنر سارہ جاوید ،روٹری ، روٹریکٹ اور انٹریکٹ کلب کراچی سی ویو کے ممبران اور ڈسٹرکٹ ڈپٹی گورنر دردانہ سمیت ڈسٹرکٹ3271 کے روٹیرین اور دیگر سیاسی وسماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اہم شخصیات کی اس تقریب میں شرکت کی وجہ سے سیکیورٹی کے خاص انتظامات کئے گئے تھے۔ اجتماعی شادی تقریب کے چیئرمین سید مظہر امام اور روٹری کلب کراچی سی ویو کے صدر انجینئر وادھومل کرمانی کا کہنا تھا کہ ایک ہی جگہ پر مسلم ، ہندو اور کرسچن جوڑو ں کی اجتماعی شادی سے دنیا میں پاکستان کا سوفٹ امیج اجاگر ہو گا اور یہ پیغام بھی جائے گا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں کوئی بھی مذہب خطرے میں نہیں ، 25 جوڑوں کی اس اجتماعی شادی میں 15 مسلم جوڑے ، 5 ہندو اور جوڑے کرسچن جوڑے شامل تھے جبکہ اجتماعی شادی میںشریک جوڑوں کو فرنیچر سمیت اشیائے ضروریہ کا تمام سامان بھی فراہم کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

مسلم جوڑے کیلئے پروفیسر سعیدہ نے دعا کی جبکہ ہندوں کمیونٹی کیلئے پنڈت سروش کمار اور عیسائی جوڑوں کہ لئے پادری شمعون ایوب نے دعا کرائی ۔ بعد ازاں روٹری کلب کراچی سی ویو کے صدر انجینئر وادھومل اور سیکریٹری محی الدین جعفری نے روٹریکٹ کلب کراچی سی ویو کی صدر زونیرا امام، سیکریٹری تسنیم نے ڈسٹرکٹ 3271 کہ دیگر روٹرین کے ساتھ ملکر روٹری کی 112 اور سی ویو کلب کی 9 سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔

سابق صدر روٹری کلب کراچی سی ویو ریٹا ئر گروپ کیپٹن حسن عباس جعفری نے تقریب میں معاونت کرنے والوں سے بھی اظہار تشکر کیا ۔اس موقع پر مقررین نے روٹری کلب کراچی سی ویو کے صدر وادھومل کرمانی ، محی الدین جعفری ، عالم ہاشم ،ڈاکٹر وسیم ،ایاز خان شاہجہان، میری میگڈیلین ، روٹریکٹ کی صدر زونیرا امام، انٹریکٹ کی صدر وانیا امام اور انکی پوری ٹیم کی انتھک محنت کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :