عافیہ کا معاملہ ہر زاوئیے سے قومی وقار پر سوالیہ نشان کی صورت میں نکلتاہی: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

پاکستانی قوم ’’بیٹی فروشی‘‘ کا داغ مٹانے کیلئے عافیہ کی وطن واپسی کی جدوجہد کررہی ہے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما اور کارکنان قوم کی بیٹی کے معاملے میں اپنے جذبات مرکزی قائدین تک بھی پہنچائیں، اہم اجلاس

اتوار 26 فروری 2017 20:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2017ء) عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کے معاملے کا کسی بھی زاوئیے سے جائزہ لیا جائے نتیجہ پاکستان کے قومی وقار پر سوالیہ نشان کی صورت میں ہی نکلتاہے۔پاکستانی قوم ’’بیٹی فروشی‘‘ کا داغ مٹانے کیلئے عافیہ کی وطن واپسی کی جدوجہد کررہی ہے۔

حکمران ،ارباب اختیار اور سیاسی قائدین کو اپنی قومی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہئے۔انشاء اللہ مستقبل کا مورخ پاکستانی قوم کو’’ بیٹی کو آزادی دلانے والی قوم‘‘ کے نام سے یاد رکھے گا۔ سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما و کارکنان جس طرح میرے سامنے قوم کی بیٹی سے یکجہتی کا اظہارکرتے ہیں وہ عافیہ موومنٹ کا اثاثہ اور ہمارے حوصلے کو بلند کرنے اورانشاء اللہ عافیہ کی جلد وطن واپسی کا باعث بنے گا ۔

(جاری ہے)

میری تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں اور کارکنان سے گذارش ہے کہ وہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کے معاملے میں اپنے جذبات مرکزی قائدین تک بھی پہنچائیںاگر صدر مملکت یا وزیراعظم پاکستان جنوری ، 2017 میں امریکی انتظامیہ کو ایک خط لکھ دیتے تو عافیہ کی رہائی کو ممکن بنایا جاسکتا تھا۔ اب مارچ کا مہینہ ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر فوزیہ قوم کی بیٹی عافیہ کی وطن واپسی کیلئے جاری مہم کے سلسلے میں اپنی رہائش گاہ پرایک اہم اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کررہی تھیں۔اجلاس میں تحریک انصاف کراچی کے سینئر نائب صدر سیف الرحمان، نجیب اللہ، تحریک انصاف کے انصاف پروفیشنل فورم خیبرپختونخواہ کے صدر عمران شہزاد، جماعت اسلامی جمشید زون کے رہنما فہیم اللہ خان، جماعت اسلامی مرکزی سیاسی سیل کی رکن و ہیومین رائٹس نیٹ ورک کراچی کی نائب نگران شگفتہ انیس، ہیومین رائٹس نیٹ ورک کراچی کے رہنما انجینئر خالد جمال، عافیہ موومنٹ کے رہنما صحافی و کالم نگار حفیظ خٹک، عذرا خان، نسرین، اریم ، مہرالنساء، ڈاکٹر خالد اختر، فضل مسعود، آصف اقبال و دیگرنے شرکت کی۔

2 مارچ ڈاکٹر عافیہ کا یوم پیدائش ہے اور 31 مارچ ، 2003 کو عافیہ کو اس کے تین کمسن بچوں سمیت کراچی سے اغواء کرکے امریکہ کے حوالے کیا گیا تھا۔اجلاس کے شرکاء کی تجویز پر مارچ کے مہینے کو ''March for Aafia'' قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ سے منسوب اور پورے مہینے ملک بھر میں پروگرامات منعقد کرنے پر اتفاق رائے کیا گیا جس کا اعلان وقتا فوقتا کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :