پاکستان میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات میں بھارت ملوث ہے‘رانا تنویر حسین

اتوار 26 فروری 2017 20:31

مریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2017ء) وفاقی وزیردفاعی پیداور سائنس اور ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے پاکستان میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات میں بھارت ملوث ہے، بھارت میں سرحدوں پر اور پاکستان کے اندر آگ اور خون کا جو کھیل شروع کر رکھا ہے دنیا کو اس کے تمام ثبوت فراہم کر چکے ہیں دنیا نے اگر کردار ادا نہ کیا تو خطہ کا امن تباہ ہو سکتا ہے۔

مریدکے میں لیگی رہنما جہانگیر بٹ کے بیٹے کے انتقال پر اپنے بڑے بھائی رانا افضال حسین ایم این اے اور حاجی رفیق الحسن قریشی چوہدری ارشد ورک کے ہمراہ افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان ایک پر امن ایٹمی طاقت ہے اس نے ہمیشہ ہمسائیوں کا احترام کیا ہے مگر بھارت اپنی شرارتوں سے باز نہ آیا بھار ت ایک طرف کشمیر میں ظلم کے پہاڑ گرا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری طرف سرحدوں پر جنگی حالات پیدا کیے ہوئے ہیں افغانستان کی سرزمین پر بیٹھ کر بھی پاکستان میں دہشتگردی کروا رہا ہے بھارت کو معلوم ہونا چاہیے پاکستان امن پسند ملک ضرور ہے مگر کسی کو جارحیت کی اجازت نہیں دے گا۔ مودی کو سو مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ پاکستان سے پنگا لینے کی بجائے اپنی عوام کی حالت ِ زار پر رحم کرے جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔

مگر مودی کو ہماری بات سمجھ نہیں آرہی بھارت جتنے مرضی ہتھیار اکٹھے کر لے پھر بھی اس کی فوج پاکستان کی فوج کا سامنا نہیں کر سکتی کیونکہ پاکستان کی فوج کو بیس کروڑ عوام کی حمایت حاصل ہیں انہوں نے کہا لاہور اور سانحہ لال شہباز قلندر کے تانے بانے بھی بھارت سے ملے ہیں اگر بھارت نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا اور افغانستان نے بھائی ہونے کا ثبوت نہ دیا اور بھارت کے ہاتھوں میں کھیلنا بند نہ کیا تو پاکستان سنجیدگی سے سوچنے پر مجبور ہو گا۔ اسکی تمام تر ذمہ داری دنیا پر آئے گی کیونکہ دنیا چشم پوشی کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :