سی پیک: توانائی اور تعمیرات کے شعبہ کی شرح نمو میں 13 فیصد کا نمایاں اضافہ

تعمیراتی منصوبوں میں جاری سرگرمیوں سے آنے والے دنوں میں سیمنٹ کی مقامی کھپت میں مزید اضافہ متوقع ہے، ماہرین

اتوار 26 فروری 2017 19:51

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2017ء) سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) اور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے تحت توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے بڑے منصوبوں کے آغازسے گذشتہ مالی سال 2015-16ء کے دوران تعمیرات کے شعبہ کی شرح نمو میں 13 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ گذشتہ چار سال کے دوران شعبہ کی شرح ترقی چار فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافہ کے نتیجہ میں سیمنٹ کی مقامی کھپت میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ آل پاکستان سیمنٹ مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق رواںمالی سال 2016-17ء میں جولائی تا جنوری کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت میں 9.52 فیصد جبکہ سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 7.45 فیصد کا اضافہ ریکارڈکیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق جولائی تا جنوری 2016-17ء کے دوران سیمنٹ کی صنعت نے اپنی مجموعی پیداواری استعداد کے 85 فیصد کے برابر پیداوار حاصل کی ہے۔

اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پی ایس ڈی پی اور سی پیک کے تحت توانائی اور بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف شعبوں کی ترقی کیلئے حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے تعمیراتی منصوبوں اور کنسٹرکشن انڈسٹری کے شعبہ میں جاری سرگرمیوں سے آنے والے دنوں میں سیمنٹ کی مقامی کھپت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔