کھیلو ں کے میدان آباد کرنے سے ہی صحت مند معاشرہ تشکیل پا سکتا ہے ‘عبدالعلیم خان

عمران خان کی شخصیت میں "ایک کھلاڑی سب پر بھاری" دکھائی دیتا ہے ‘ٹورنامنٹ میں گفتگو

اتوار 26 فروری 2017 19:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2017ء)تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ اپنے گردو پیش کھیلوں کے میدان آباد کرنے سے ہی صحت مند معاشرہ تشکیل پا سکتا ہے بد قسمتی سے حکومتی سطح پر سپورٹس کو بری طرح نظر انداز کیا گیااور سیاست اور کاروباری مفادات کے باعث کھیلوں کو اولیت نہیں دی جا سکی ،عمران خان کی شخصیت میں ایک کھلاڑی سب پر بھاری دکھائی دیتا ہے جنہوں نے ثابت کر دیا کہ کھیل کے میدان میں بھی کامیابی ملکی سطح پر تبدیلی کا باعث بن سکتی ہے ۔

عبدالعلیم خان نے رگبی ،نیزہ بازی اور کبڈی کے علیحدہ علیحدہ ٹورنامنٹ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کو ٹاؤن کی سطح پر توجہ مرکوز کرے تو تمام کھیلوں میں بھرپور ٹیلنٹ سامنے آ سکتا ہے لیکن دیگر شعبوں کی طرح کھیلوں کو بھی اقربا پروری اور کرپشن کی نذر کر دیا گیا ہے جس کے باعث جرائم میں اضافہ اور نوجوان نسل میں بے راہ روی بڑھ رہی ہے ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں آئندہ حکومت ملک کے طول و عرض میں سپورٹس کی ترویج کیلئے عملی اقدامات کرے گی اور جس سے نوجوان عالمی سطح پر عمران خان کا نام روشن کریں گے ۔انہوں نے کامیاب ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے انعامات تقسیم کیے اور منتظمین کے جذبے کو سراہا انہوں نے کہا کہ ہر ٹاؤن میں اپنی مدد آپ کے تحت کھیلوں کی ایسی سرگرمیاں منعقد ہونی چاہئیں اورتحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کو ان کی بھرپور سرپرستی کرنی چاہیے ۔

پی ٹی آئی لاہو ر رورل کے صدر ظہیر عباس کھوکھر کی زیر سرپرستی شام کے بھٹیاں میں کبڈی کے مقابلے منعقد ہوئے جہاں کھلاڑیوں کا مہمان خصوصی عبدالعلیم خان سے تعارف کروایا گیا اور انہوں نے کھیلوں کے مقابلے دیکھے ۔ ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی ،صدر رورل لاہور ظہیر عباس کھوکھر ، پی ٹی آئی رہنما جمشید اقبال چیمہ ، مہر واجد عظیم اور خالد محمود گجر بھی موجود تھے۔