جرائم پیشہ افراد انسان کے بچے بن جائیں، لیاری والوں نے بہت لاشیں اٹھالی ، اب ہم ان کی لاشیں اٹھائیں گے، نبیل گبول

نواز شریف کو اب سعودی شہزادہ یا قطری خط نہیں بچا سکے گا ، عوام نواز شریف کا احتساب کریں گے آصف علی زرداری سے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرادری کو لیاری سے الیکشن لڑائیں، لیاری میں پیپلز پارٹی کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

اتوار 26 فروری 2017 19:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ افراد انسان کے بچے بن جائیں، لیاری والوں نے بہت لاشیں اٹھالی ، اب ہم ان کی لاشیں اٹھائیں گے، آصف علی زرداری سے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرادری کو لیاری سے الیکشن لڑائیں، نواز شریف کو اب سعودی شہزادہ یا قطری خط نہیں بچا سکے گا ، عوام نواز شریف کا احتساب کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو لیاری میں پیپلز پارٹی کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نبیل گبول نے پاکستان پیپلز پارٹی میں دوبارہ شمولیت کے بعد پہلی بار لیاری کا دورہ کیا اور لیاری میں پیپلزپارٹی کے دفتر کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے جیالوں نے نبیل گبول کا لیاری میں دفتر کے افتتاح کے موقع پر والہانہ استقبال کیا اور اہلیان لیاری کی جانب سے لیوا ڈانس کا اہتمام بھی کیا گیا ۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نبیل گبول نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد انسان کے بچے بن جائیں، لیاری والوں نے بہت لاشیں اٹھالی ، اب ہم ان کی لاشیں اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں لیاری والوں کو شاباشی دیتا ہوں جو انہوں نے اس حالت میں بھی لیاری کا ساتھ نہیں چھوڑا۔انہوں نے کہا کہ آج ایک مرتبہ پھر نبیل گبول پیپلز پارٹی میں شامل ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیاری کو جہاں سے چھوڑ کر گیا تھا ، آج بھی وہ وہیں ہے۔ جن قوتوں نے لیاری کے نوجوانوں کو قلم کی جگہ اسلحہ دیا انکے خاتمے کا دن ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت سے مطالبہ کیا کہ لیاری کے نوجوانوں کو کم سے کم دس ہزار نوکریاں دی جائیں۔ نبیل گبول نے کہا کہ آصف علی زرداری سے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرادری کو لیاری سے الیکشن لڑائیں۔ میری خواہش ہے کہ بلاول بھٹو یا شہید بے نظیر بھٹو کی صاحبزادیاں لیاری سے الیکشن لڑیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اب سعودی شہزادہ یا قطری خط نہیں بچا سکے گا ، 2017الیکشن کا سال ہے۔ عوام نواز شریف کا احتساب کریں گے ۔