Live Updates

فوجی عدالتوں کے قیام پر اتفاق رائے کے بعد پیپلز پارٹی کی اے پی سی کا کوئی جواز نہیں ،سینیٹر مشاہد اللہ خان

قائم علی شاہ کے جانے کے بعد بھی سندھ میں کوئی تبدیلی نہیں،پنجاب میں جس منصوبے پر دھول اڑائی گئی وہی خیبر پختوانخواہ میں شروع ہو رہا ہے سندھ اور خیبر پختوانخواہ کے عوام خواہش کرتے ہیں کاش ان کے پاس بھی شہباز شریف جیسا وزیر اعلیٰ ہوتا ‘ مرکزی سیکرٹری اطلاعات (ن) لیگ

اتوار 26 فروری 2017 19:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کے قیام پر اتفاق رائے کے بعد پیپلز پارٹی کی اے پی سی کا کوئی جواز نہیں،قائم علی شاہ کے جانے کے بعد بھی سندھ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ،پنجاب میں میٹرو بس کے منصوبے پر دھول اڑائی گئی لیکن آج اسی کی تقلید کرتے ہوئے خیبر پختوانخواہ میں بھی اس طرز پر منصوبے کی تیاریاں ہو رہی ہیں،2018ء کے عام انتخابات میں بھی عوام ترقی اور خوشحالی کا منشور رکھنے والی (ن) لیگ کو ہی ووٹ دیں گے ۔

ایک انٹر ویو میں مشاہد اللہ خان نے کہا کہ ہم تو چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی میدان میں رہے لیکن بد قسمتی سے اس کی قیادت اپنی نا عاقبت اندیش پالیسیوں کی وجہ سے خود ہی مقابلے سے آئوٹ ہورہی ہے ،اسی طرح پیپلز پارٹی کے حالات بھی کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں پاکستان کی معیشت ٹریک پر آئی ہے بلکہ عوام کی زندگیوں میں بھی آسودگی آرہی ہے ، انشا اللہ 2018ء میں عوام کی عدالت میں جائیں گے تو سر خرو ہوں گے اور دوبارہ ووٹ لے کر بھاری اکثریت سے حکومت بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اور خیبر پختوانخواہ میں گڈ گورننس کا جنازہ پڑھا دیا گیا ہے ، ہم تو چاہتے ہیں کہ دونوں صوبائی حکومتیں کام کریں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔ دونوں صوبوں کے عوام خواہش کرتے ہیں کہ کاش ان کے پاس بھی شہباز شریف جیسا وزیر اعلیٰ ہوتا ۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات