منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور خان سے چیئرمین پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملک ابرار احمد کی ملاقات

اتوار 26 فروری 2017 19:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2017ء) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹوورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن(پی ٹی ڈی سی ) چوہدری عبدالغفور خان سے چیئرمین پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملک ابرار احمد نے ملاقات کی جس میں سیاحت کے فروغ سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گذشتہ روز پی ٹی ڈی سی ہیڈکوارٹر میں چیئرمین پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملک ابرار احمد نے ایم ڈی پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور سے ملاقات کی جس میں مقامی سطح پر سیاحت کے فروغ کیلئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔

ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے اس موقع پر کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لئے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ ملکر سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا ‘اس ضمن میں پی ایچ اے کے ساتھ بھی مل کر سرگرمیاں ترتیب دی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے سیاحت کے فروغ کے لئے نمایاں اقدامات اٹھانے کی ہدایات دی ہیں جس پر کام جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے شہر کو خوبصورت بنانے والا ادارہ ہے ‘ان کے ساتھ ملکر پاکستان کے کلچر کو نئی نسل تک بہتر انداز میں پہنچانے کے لئے کوششیں کی جائیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ مقامی اور قومی سطح پر سیاحت کے فروغ کے ذریعے ملک کا سافٹ امیج اجاگر کرنے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہاکہ سیاحت کے فروغ کے لئے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون بڑھائیں گے ۔چیئرمین پی ایچ اے ملک ابرار احمد نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی سیاحت کے فروغ کے لئے دن رات محنت کر رہا ہے‘پی ایچ اے ‘پی ٹی ڈی سی کے ساتھ ملکر کام کریگا ۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے آئندہ ماہ خصوصی تقریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا ۔