بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے، توانائی بحران کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا، امن وامان کے حوالے سے حکومت نے شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں ، آج پاکستان میں کوئی نو گو ایریا نہیں ہے،چوہدری محمدبرجیس طاہر

اتوار 26 فروری 2017 19:31

اسلام آباد /ننکانہ صا حب۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2017ء) وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کی سب سے مضبوط سیاسی جماعت ہے جس نے اپنی اعلیٰ کارکردگی سے پاکستان کو مستحکم ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ وہ اتوار کو ضلع ننکانہ کی تحصیل شاہ کوٹ میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے جس میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 2013 ء میں پاکستا ن کو بے شمار چیلنجزز کا سامنا تھا جس کو محمدنواز شریف نے اپنی مایہ ناز قیادت اور و یژن کے باعث احسن طریقے سے قابو پا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی آج عوام کے سامنے ہے۔

(جاری ہے)

امن وامان ، توانائی اور معاشی میدان میں قابل قدر کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں جس سے ملک میں مستحکم ، دیر پا ترقی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ میں خاطر خواہ کمی کی گئی ہے اور باقی ماندہ حکومتی مدت کے دوران توانائی بحران کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ امن وامان کے حوالے سے حکومت نے شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں ملک کے ہر کونے اور انچ پر حکومت کی رٹ قائم کی گئی ہے اور آج پاکستان میں کوئی نو گو ایریا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر کا مقصد پاکستان کو شاندار معاشی ترقی کی راہ سے ڈی ریل کرنا ہے جس کو حکومت ہرگز کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن رد الفساد کے ذریعے ملک میں موجود دہشت گردوں کی باقیات اور سہولت کاروں کا چن چن کا خاتمہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام، سیاسی قیادت، سول سوسائٹی اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے ناسور کے خلاف متحد ہیں یہ اتحاد دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کا واضح پیغام ہے۔چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ معاشی میدان میں حکومت کی کارکردگی کا اعتراف بین الاقوامی سطح پر کیا جارہا ہے اور آئندہ 15 سال میںپاکستان دُنیا کی بیس بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ شاندار کارکردگی محمدنواز شریف کی مخلص قیادت کے مرہون منت ہے جس سے عوام کا اعتماد مسلم لیگ (ن) پر اور بھی مضبوط ہوا ہے اور جس کی بدولت مسلم لیگ (ن) 2018 کے بعد بھی ترقی وخوشحالی کا سفر جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے خیبر پختونخواہ میں عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی ہے اور کے پی کے کی عوام کی خدمت کے بجائے اپنا ساراوقت نوازشریف کی عداوت میں دھرنوں اور احتجاج میں صرف کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام تحریک انصاف کا آئندہ انتخابات میں کڑا احتساب کریں گے ۔چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ محمدشہباز شریف کی قیادت میںحکومت پنجاب پورے ملک میں کارکردگی اور عوام کی خدمت کے حوالے سے اپنی مثال آپ بن چکی ہے ۔شہباز شریف کے گیم چینجر منصوبے پکے راہ سوکھے پینڈے ضلع ننکانہ سمیت پورے پنجاب کی عوام خصوصا کسان بے حد مستفید ہو رہے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ وعدوں کی پاسداری کی ہے محمدنوا ز شریف نے سانگلہ ہل میں انٹر چینج کی تعمیر کا وعدہ پورا کر دکھایا ہے اور اب شاہ کوٹ تا سانگل ہل انٹر چینج کی تعمیر سے اس علاقے میں تعلیم صحت اور کاروبار کے حوالے سے نئے روشن باب کا آغاز ہو رہا ہے انہوں نے ورکرزپر زور دیتے ہوئے کہا کہ محمدنواز شریف کے وژن اور مسلم لیگ (ن) کی عوام مخلص پالیسیزز کو عوام میں بھرپور طریقے سے اُجاگر کریں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات خالصتاً کارکردگی کی بنیاد پر ہوں گے، جس میں بھرپور کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ عوام کی خوشحالی کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پنچایا جائے تاکہ پاکستان کی دیر پا ترقی اور خوشحالی کا ایجنڈا محمدنواز شریف کے ویژن کے مطابق مکمل کیا جاسکے۔اس سے قبل ورکرز کنونشن میں شرکت کے لیے مسلم لیگ( ن) کے کارکنان اور عوام کی کثیر تعداد ٹولیوں اور چھوٹے جلسوں کی صورت میں پنڈال میں داخل ہوتے رہے اور محمدنواز شریف ، محمدشہباز شریف اور چوہدری محمدبرجیس طاہرکے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنمائوں کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔

متعلقہ عنوان :