پاکستان کی معاشی ترقی میں اقلیتی برادری کا کردار قابل تقلید ہے ،گورنر سندھ

شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اداروں میں ان کی خدمات قابل ستائش ہیں ، حکومت اقلیتی برادری کے لئے ترقیاتی پروگرام ترتیب دے رہی ہے،محمد زبیر اقلیتی برادری کے مسائل کو حکومت ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی، اقلیتی ونگ کے وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات میں اظہار خیال

اتوار 26 فروری 2017 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ صوبہ کی معاشی و اقتصادی ترقی میں اقلیتی برادری کا کردار قابل تقلید ہے با الخصوص صحت ، تعلیم ، بلدیات اور دیگر اہم شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اداروں میں ان کی خدمات قابل ستائش ہیں ۔ حکومت قانون ساز اداروں سمیت دیگر شعبہ زندگی میں قلیتی برداری کی بھرپور نمائندگی کے لئے مواقع فراہم کررہی ہے تاکہ اقلیتی برادری بھی معاشی ، اقتصادی و سماجی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے سکیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ صوبہ سندھ کے صدر ڈاکٹر شام سندر ایڈوانی کی سربراہی میں وفد سے گفتگو میں کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں اقلیتی افراد کی بھرپور شرکت ان کی ملکی ترقی و خوشحالی کے معاملات میں دلچسپی کی عکاسی کرتی ہے جو کہ خوش آئند ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اعلیٰ تعلیم کے لئے اقلیتی نوجوانوں کو بھی اسکالر شپ دے رہی ہے کیونکہ حکومت بلا تفریق ملک کے معماروں کو مزید سنوارنے کا جذبہ رکھتی ہے، قوم کے یہ معمار ہی ملک کا شاندار مستقبل ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والوں کے لئے معاشی و ترقیاتی پروگرام ترتیب دے رہی ہے تاکہ ان کے علاقوں میں بھی مزید زیادہ سے زیادہ ترقیاتی کام کئے جائیں۔ مسلم لیگ (ن)ا قلیتی ونگ صوبہ سندھ کے صدر ڈاکٹر شام سندر ایڈوانی نے گورنر سند ھ کو اقلیتوں کو درپیش مشکلات ، حائل رکاوٹوں سمیت دیگر معاملات سے تفصلی آگا ہ کیا۔ وفد نے صوبہ کی ترقی کے لئے گورنر سندھ کے وژن کو سراہتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین بھی دلایا ۔ گورنر سندھ نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو حکومت ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :