ڈپٹی میئر کراچی کا صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کے ہمراہ بلدیہ ٹائون یوسف گوٹھ میں انٹر سٹی بس ٹرمینل کا دورہ

آج ہم یہاں انہی مسائل کو دیکھنے کے لئے آئے ہیں اور انشاء اللہ بہت جلد یہاں صورتحال بہتر بنانے کیلئے اقدامات شروع کردیئے جائیں گے، ارشد وہرہ

اتوار 26 فروری 2017 18:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2017ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ناصر حسین شاہ کے ہمراہ ہفتہ کی سہ پہر بلدیہ ٹائون یوسف گوٹھ میں انٹر سٹی بس ٹرمینل کا دورہ کیا اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی یوسف شاہوانی،سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم آفریدی اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

بس ٹرمینل کے دورے کے موقع پر انچارج انٹر سٹی بس ٹرمینل شفیع لہری نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اور ڈپٹی میئر کراچی کو انٹر سٹی بس ٹرمینل میں درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ یہاں کے ایم سی کی کئی ایکڑ اراضی پر قبضہ کرکے غیرقانونی تعمیرات کرلی گئی ہیں جبکہ ٹرانسپورٹرز کی سہولت کے لئے ٹرمینل میں بنائے گئے کئی حصوں پر بھی قبضہ کرکے وہاں دکانیں اور ہوٹلز وغیرہ قائم کرلئے گئے ہیں جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز کو اپنی گاڑیاں یہاں پارک کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہاں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کی بھی شکایت کی جس پر وزیر ٹرانسپورٹ ناصر حسین شاہ اور ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ آج ہم یہاں انہی مسائل کو دیکھنے کے لئے آئے ہیں اور انشاء اللہ بہت جلد یہاں صورتحال بہتر بنانے کیلئے اقدامات شروع کردیئے جائیں گے، ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے انٹرسٹی بس ٹرمینل میں روزانہ کی بنیاد پر پارک کی جانے والی انٹرسٹی بسوں کے متعلق بھی معلومات حاصل کیں، انہوںنے کہا کہ اس بس ٹرمینل کے اصل لے آئوٹ پلان کا جائزہ لینے کے بعد ایسے اقدامات کئے جائیں گے جن کے ذریعے آئندہ یہاں تجاوزات کے قیام کی حوصلہ شکنی ہو، ٹرانسپورٹرز کے لئے سہولیات کا نظام بہتر ہو اور اس ٹرمینل کو بنانے کے اصل بنیادی مقاصد حاصل کئے جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے متعلقہ افسران سے بھی مزید معلومات حاصل کرنے کے بعد ایک جامع پلان پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کہا کہ شہر میں ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے تاکہ کراچی کے شہریوں کو خواہ وہ شہر کے کسی بھی علاقے میں رہتے ہوں ، اندرون شہر اور بیرون شہر آمدورفت میں آسانی ہو اور ہمارا ٹرانسپورٹ کا نظام اور روڈ نیٹ ورک ترقی کرے۔

متعلقہ عنوان :